جیکسن کے گانوں کی دوبارہ مقبولیت

تھرِلر مائیکل جیکسن کے انتقال کے بعد چارٹ کے ساتویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
،تصویر کا کیپشنتھرِلر مائیکل جیکسن کے انتقال کے بعد چارٹ کے ساتویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

مائیکل جیکسن ایک بار پھر برطانوی البم چارٹ پر سرِ فہرست ہو گئے ہیں اور ان کے گائے ہوئے گانوں کو ایک نئی زندگی ملی ہے۔

مائیکل جیکسن کے گائے ہوئے چھ گانوں نے برطانوی چارٹ کے ٹاپ 40 میں جگہ بنائی ہے اور چھ سال بعد ان کا کوئی البم میوزک چارٹ میں سرِ فہرست ہونے میں کامیاب ہوا ہے۔

مائیکل جیکسن کے گانوں کا مشہور البم نمبر ونز ایک سو اکیسویں پوزیشن سے نکل کر برطانوی البم چارٹ میں سرِ فہرست ہو گیا۔ یہ تبدیلی جمعرات کو ان کی موت کے بعد ان کے ریکارڈوں کی بِکری میں ہونے والے اضافے کے بعد دیکھنے میں آئی ہے۔

اسی البم کی وجہ سے مائیکل جیکسن سن دو ہزار تین میں آخری مرتبہ برطانوی البم چارٹ کی چوٹی پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

آفیشل چارٹس کمپنی کے مطابق مائیکل جیکسن کے چار دیگر البم ٹاپ 20 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اب تک سب سے زیادہ بکنے والا البم تھرِلر مائیکل جیکسن کے انتقال سے پہلے چارٹ پر ایک سو اناسیویں نمبر پر تھا لیکن ان کے انتقال کے بعد یہ چارٹ کے ساتویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

اِسی طرح ان کا البم کِنگ آف دی پاپ چارٹ کے چودویں، آف دی وال سترہویں اور ایسنشل مائیکل جیکسن چارٹ کے بیسویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

آفیشل چارٹس کمپنی کے مطابق اس ہفتے اس کے 200 ٹاپ البموں میں سے گیارہ مائیکل جیکسن یا جیکسن فائیو کے ہیں۔

سنگلز کے چارٹ میں بھی پوزیشن کچھ مختلف نہیں رہی کیونکہ ٹاپ 200 سنگلز میں سے تینتالیس مائیکل جیکسن کے ہیں۔

آفیشل چارٹس کمپنی کے مطابق ٹاپ 40 میں جو بھی نئے اضافے ہوئے ہیں ان میں ایک کو چھوڑ کر باقی سب مائیکل جیکسن کے گانے ہیں۔

اس ہفتے کے آخری دو دنوں کے دوران مجموعی طور پر مائیکل جیکسن کےتین لاکھ البم یا سنگل فروخت ہوئے ہیں۔

میوزک ریٹیلرز کا کہنا ہے کہ اگرچہ مائیکل جیکسن کے انتقال کے بعد ان کے سنگلز کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے لیکن ان کے ہٹ گانوں کی فہرست طویل ہونے کی وجہ سے کوئی ایک گانے سیل کے لحاظ سے ممتاز مقام نہ حاصل کر سکا جس کی وجہ سے وہ ٹاپ ٹین سنگلز کی کیٹیگری میں شامل ہونے سے رہ گئے۔

مائیکل جیکسن کا گانا مین اِن دی مِرر اپنی ریلیز کے تقریباً بیس سال بعد چارٹ کے گیارہوں نمبر پر پہنچ گیا جبکہ بِلی جین پچیسویں نمبر پر رہا۔ اِسی طرح سمُوتھ کریمینل سنگلز چارٹ پر اٹھائیسویں، بِیٹ اِٹ تیسویں اور ارتھ سونگ اڑتیسویں نمبر پر رہا۔