پکاسو میوزیم دو سال کے لیے بند

ہر سال پانچ لاکھ شائقین پِکاسو کے فن پارے دیکھنے اس میوزیم میں آتے ہیں
،تصویر کا کیپشنہر سال پانچ لاکھ شائقین پِکاسو کے فن پارے دیکھنے اس میوزیم میں آتے ہیں

فرانس کے دار الحکومت پیرس میں قائم پِکاسو میوزیم کو عمارت کے رقبے میں اضافے اور آرائش کی غرض سے دو سال کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر تقریبًا ایک کروڑ چھہتر لاکھ پاونڈ خرچ ہوں گے۔

میوزیم میں سپین کے مشہور مصور پابلو پکاسو کی پانچ ہزار پینٹنگز، ڈرائنگ، مجسمے اور تصاویر موجود ہیں تاہم جگہ کی کمی کی وجہ سے ایک وقت میں ان میں سے کچھ ہی فن پارے آویزاں کیے جا سکتے ہیں۔

میوزیم کے ڈائریکٹر این بلداساری کا کہنا ہے کہ ’میوزیم کو جدیدیت کی ضرورت ہے، فن پاروں کی نمائش موجودہ حالت میں جاری نہیں رہ سکتی۔‘

پیرس کے علاقے ماغے میں پکاسو کے فن پاروں کی نمائش کے لیے یہ میوزیم 1985 میں کھولاگیا تھا اور اس میں انیسویں صدی کے اوائل میں پیبلو پکاسو کے کیریر کے ابتدائی دور سے لے کر انیس تہھتر میں ان کی موت کے وقت تک تخلیق کیے جانے والے فن پارے رکھے گئے ہیں۔

میوزیم کے آرائش کا کام سنہ دو ہزار دس کے اوائل میں شروع کیا جائے گا اور فروری سنہ دو ہزار بارہ میں اس کو شائقین کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

اس اقدام سے میوزیم کے نمائش کا رقبہ دوگنا ہوجائےگا جبکہ نمائش اور شائقین کی جگہ کو بھی تبدیل کر دیا جائے گا۔

مِز بلداساری کا کہنا ہے کہ اس دوران فن پاروں کو سخت سکیورٹی میں نیشنل میوزیم اتھارٹی کے زیر انتظام سٹور روم میں بھیج دیا جائےگا۔ .جبکہ اس دوران میوزیم پکاسو کے فن پاروں سے متعلق تعلیمی اور ثقافتی تقاریب دوسری جگہ پر جاری رکھے گا۔