گلوکارہ بیونسے امید سے ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
فوٹوگرافرز کی مسلسل قیاس آرائیوں کے بعد امریکی گلوکارہ بیونسے نولس نے بلآآخر اپنے خدوخال سے ظاہر کر ہی دیا کہ وہ امید سے ہیں۔
انتیس سالہ ’ آر اینڈ بی سٹار‘ نے لاس اینجلس میں ’ایم ٹی وی میوزک ویڈیو ایوارڈز‘ کی تقریب میں تصویر اتروائی جس سے یہ ثابت ہو گیا کہ وہ امید سے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بیونسے نے اس موقع پر میڈیا سے بات نہیں کی تاہم بعد ازاں ان کے پبلسٹی افسر نے ان کے حاملہ ہونے کی تصدیق کی۔
واضح رہے کہ گلوکارہ بیونسے نولس اور ان کے شوہر کا یہ پہلا بچہ ہو گا۔ انھوں نے سنہ دو ہزار آٹھ میں امریکی گلوکار جے ذی سے شادی کی تھی۔
بیونسے ایم ٹی وی خواتین کے بہترین ویڈیو ایوارڈ کے مقابلے میں حصہ لے رہی ہیں اور ایوارڈز کے دوران اپنے فن کا مظاہرہ بھی کر رہی ہیں۔
بیونسے کے مشہور گانوں میں ’بیوٹی فل لائر‘ اور ’سنگل لیڈیز‘ شامل ہیں اور ان کی اب تک سات کروڑ پچاس لاکھ سے زائد ایلبمز دنیا بھر میں فروخت ہو چکی ہیں۔
ایوارڈز کے دوران بیونسے کے شوہر سمیت گلوکارہ لیڈی گاگا، لل وین، پِٹ بل اور کِرس براؤن نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
















