خارجہ سیکریٹری امریکی دورے پر

شیو شنکر مینن
،تصویر کا کیپشنشیو شنکر مینن امریکہ کی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن سے بھی ملاقات کریں گے

ہندوستان کے خارجہ سیکریٹری شیوشنکر مینن پیر کو امریکہ کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ امریکی حکام سے دہشتگردی، جی 20 اجلاس اور ہند امریکہ جوہری معاہدے جیسے مسائل پر بات چیت گریں گے۔

صدر براک اوباما کے عہدہ سنبھالنے کے بعد شیو شنکر مینن کی امریکی حکام سے جن امور پر بات چیت ہونی ہے اس میں ممبئی حملوں کی تفتیش اور لاہور میں سری لنکن کرکٹرز پر ہوئے حملے کے بعد پیدا ہوئی صورت حال بھی شامل ہے۔

جی 20 کے اجلاس میں بھارت کو خاص طور پر دعوت دی گئی ہے اور اطلاعات کے مطابق بھارتی خارجہ سیکریٹری کے دورے کا ایک مقصد اجلاس سے پہلے موجودہ اقتصادی و سیاسی مسائل پر امریکہ سے تبادلہ خیال کرنا ہے۔

شیو شنکر مینن کی ملاقات امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سمیت کئی دیگر حکام سے بھی ہونی ہے۔

بھارت میں خبر رساں اداروں کے مطابق ہندوستان یہ چاہتا ہے کہ بش انتظامیہ کے ساتھ اس کے رشتوں میں جو بہتری آئی تھی اسے مزید آگے بڑھایا جائے۔

اطلاعات کے مطابق ممبئی حملوں کی تفتیش کے معاملے میں پاکستان نے اب تک جو اقدامات کیے ہیں اس پرامریکی حکام سے بات ہوگی اور اس مسئلے پر بھارت امریکہ کو اپنے موقف سے آگاہ کرے گا۔

شیو شنکر مینن جنوبی ایشیاء میں امریکی ایلچی رچرڈ ہولبروک سے بھی ملاقات کریں گے جو کچھ دن پہلے ہی دلی کا دورہ کر کے واپس ہوئے ہیں۔