’ کانگریس بڑھیا نہیں گڑیا ہے‘

نریندر مودی
،تصویر کا کیپشننریندر مودی نے کہا تھا کہ کانگریس پارٹی ایک سو پچیس برس کی بڑھیا ہے۔

گجرات کے وزیراعلی نریندر مودی نے اترپردیش میں ایک انتخابی ریلی میں کہا ہے کہ وہ اب کانگریس کو بڑھیا نہیں گڑیا کہیں گے۔

ان کا کہنا تھا ’کانگریس پارٹی کو اب میں بڑھیا نہیں گڑیا کہوں گا پر ایسا کہنے پر وہ کیا جوان ہوجائے گي؟‘

جمعہ کو مودی نے کانگریس پارٹی کو ایک سو پچیس سال کی بُڑھیا کہا تھا جس پر سونیا گاندھی کی بیٹی پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’کیا مودی کو وہ بڑھیا لگتی ہیں، کیا راہل گاندھی انہیں بوڑھے لگتے ہیں؟‘

مودی نے اترپردیش کے شہر فیض آباد میں پرینکا کی اس بات کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مرکز میں موجودہ حکومت نے لوگوں میں ڈر پیدا کرنے کا کام کیا ہے۔ مودی کا کہنا تھا ’ووٹ بینک کی سیاست نے ملک کو برباد کردیا ہے۔ ملک کو ترقی اور سکیورٹی چاہیے کیونکہ سکیورٹی کے بغیر سب بیکار ہے‘۔

انہوں نے ممبئی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس کی زبردست تنقید کی ’حملہ پاکستان نے کیا جبکہ حکومت امریکہ امریکہ، اوباما اوباما کی رٹ لگا کر کہہ رہی تھی کہ ہمیں بچاٰؤ‘۔

مودی کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی ترقی کی بات کرتی ہے اور جہاں جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے وہاں ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے گجرات کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش سے ہزاروں افراد گجرات جاتے ہیں اور وہاں کمائي کرکے اپنے ماں باپ کی خدمت کرتے ہیں اورگجرات لوگوں کو سکون اور روزگار دینے کا کام کرتا ہے‘۔