راہول اور امیٹھی

- مصنف, نادیہ پرویز
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، امیٹھی جگدیش پور
ریاست اتر پردیش کا امیٹھی انتخابی حلقہ کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری راہل گاندھی کا انتخابی حلقہ ہے۔ راہل گاندھی کو ایک طبقہ اگلے وزیر اعظم کے طور پر دیکھتا ہے اور انہوں نے پارٹی کے نوجوان ورکز میں ایک نئی لہر پیدا کر دی ہے۔
راہل گاندھی کی مقبولیت ان کے انتخابی حلقے میں صاف نظر آتی ہے۔ بظاہر تو اس حلقے میں کام کاج نظر آ یا لیکن جیسے جیسے لوگوں سے بات چیت کی تو پتا چلا کہ عوام کی پریشانیاں تو وہی بجلی، سڑک اور پانی ہے جو کسی بھی انتخابی حلقے میں ہو سکتی ہيں۔ لیکن اس سب کے باوجود وہ کانگریس کے ساتھ ’غداری‘ نہیں کر سکتے۔
سونیا گاندھی پہلے امیٹھی سے رکن اسمبلی تھیں لیکن دو ہزار چار کے لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے امیٹھی کی سیٹ راہول گاندھی کو دیدی تھی اور خود رائے بریلی سیٹ سے انتخابی میدان میں اتری تھیں۔
فیاض احمد امیٹھی کے باشندے ہیں، تعلیم یافتہ اور بتاتے ہیں کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے یہاں کوئی ادارہ نہيں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں کانگریس آتی رہی ہے اور آئندہ پچاس برس تک کانگریس ہی آئے گی لیکن علاقے کی ترقی کچھ نہيں ہوئی ہے۔
لیکن ان سب پریشانیوں کے باوجود عوام صرف اور صرف کانگریس کو ہی اپنا نمائندہ بنانے کو تیار ہیں۔ رضوانہ بیگم کا کہنا ہے کہ ہم اندرا گاندھی کو جانتے ہیں، راجیو گاندھی کو جانتے ہيں، اب ان کے بچے ہيں، ابھی وہ سیکھ رہے ہيں لیکن ان سے امید پوری ہے۔
جب لوگوں سے یہ پوچھا گیا کہ وزیر اعظم کے عہدے پر وہ کسے دیکھنا چاہیں گے تو سب نے نام صرف ایک کا لیا اور وہ تھا راہل گاندھی کا۔
وہیں اسی حلقے کے ایک اور شخص پرہلاد کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو تجربہ ہوتا ہے وہی سرکار چلا سکتا ہے۔ سرکار چلانا کوئی آسان کام نہیں۔
یہ پوچھے جانے پر کیا ان انتخابات میں راہل اپنے حلقے میں عوام سے ملنے آئے تو لوگوں کا کہنا تھا کہ راہل گاندھی کو اپنے حلقے ميں آنے کی ضرورت نہيں ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم ان سے کہہ دیا ہے کہ مہربانی کر کے آپ امیٹھی نہ آئیں بلکہ دوسرے علاقوں میں جائيں۔ امیٹھی والے خود ہی اپکا کام سنبھال لیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















