اتراکھنڈ کے وزیر اعلی مستعفی

بی سی کھنڈوری
،تصویر کا کیپشنانتخابات میں اپنی پارٹی کی شکست کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے گزشتہ رات استعفی دیدیا تھا

لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی شکست کے بعد اتراکھنڈ کے وزیر اعلی بی سی کھنڈوری مستعفی ہوگئے ہیں۔

بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ کھنڈوری نے ریاست کی پانچوں پارلیمانی سیٹوں پر پارٹی کی شکست کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے گزشتہ رات استعفی دیدیا تھا۔

نئے وزیر اعلی کا انتخاب کرنے کے لیے اتراکھنڈ کی بی جے پی قانون ساز پارٹی کا اجلاس بدھ کو دلی میں طلب کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ریاست کے وزیر سیاست پرکاش پنت اور وزیر صحت رمیش پوکھریال وزیر اعلیٰ کے عہدے کے مضبوط ترین امیداوار ہیں۔

اترا کھنڈ بی جے پی میں کافی دنوں سے کھنڈوری کے خلاف مہم چل رہی تھی اور انتخابات کے فوراً بعد بھی یہ اطلاعات آئی تھیں کہ وہ جلدی ہی مستعفی ہوسکتےہیں۔

پارلیمانی انتخابات میں شکست کے بعد لال کرشن اڈوانی نے بھی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی پیش کش کی تھی لیکن پارٹی میں اندرونی چپقلش کو روکنے کے لیے انہیں اس بات پر مائل کرلیا گیا تھا کہ وہ فوری طور پر اپنا عہدہ نہ چھوڑیں۔

کھنڈوری، جو ایک سابق میجر جنرل ہیں اور وفاق وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، انتخابی شکست کے نتیجے میں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونے والے بی جے پی کے پہلے رہنما ہیں۔

انہیں ہٹانے کا فیصلہ پیر کو اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت اڈوانی نے کی۔