حیدرآباد: سوائن فلو، گوکل کا دفتر بند

- مصنف, عمر فاروق
- عہدہ, بی بی سی حیدرآباد، انڈیا
ہندوستان کی ریاست آندھر پردیش کے دارالحکومت حیدرآباد میں بیرونی ملک سے واپس آئے تین نئے مریضوں کے بعد حیدرآباد میں سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد 34 ہو گئی ہے۔
حیدرآباد میں سوائن فلو نوڈل سنٹر کے رابطہ کار کے سدھاکر نے بتایا ' فلوریڈا سے آنے والی ایک 35 سالہ خاتون میں سوائن فلو کا وائرس اے ایچ ون این ون پایا گیا ہے۔' انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر دو مریض ميں اسے ایک سڈنی سے آئے ہیں جبکہ دوسرے تھائی لینڈ سے آیا ہے۔
نئے مریضوں کا تعلق آئی ٹی کمپنیوں سے تھا جس میں گوگل کمپنی بھی شامل تھی۔
سوائن فلو کے سبب مسلسل دوسرے دن گوگل کمپنی کی دو یونٹ بند ہیں۔ وہیں کمپنی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے ایک ملازم میں سوائن فلو کا وائرس پایا گیا ہے جبکہ دیگر دو ملازمین کی سخت نگہداشت کی جا رہی ہے۔
دوسری طرف ایک دو سالہ بچے میں بھی اس وائرس کی علامتیں پائی گئی ہیں اور اسے ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔ یہ بچہ دبئی سے آیا تھا۔
مئی کی سولہ تاریخ سے اب تک کل 34 مریضوں میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن ميں سے 21 کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
پہلے ان لوگوں کے نمونے دلی کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کمیونیکیل ڈیزیز بھیجے گئے تھے لیکن اب اہلکار ان نمونوں کو حیدآباد کے انسٹیٹیوٹ آف پریونٹو میڈیسن میں بھی بھیج رہے ہیں۔
سدھاکر نے مزید بتایا ' ان نمونوں کی دونوں جگہ جانچ کرائی جائے گی۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کے سدھاکر کے مطابق حیدرآباد میں سوائن فلو کے نئے معاملے اس وقت آنا شروع ہوئے جب پانچ جولائی کو ایک سافٹ ویئر انجیئر ہوسٹن سے واپس آیا۔ اس وائرس کی علامتوں کے سبب وہ سات جولائی کو ہسپتال ميں آیا اور نو جولائی کو اسے داخل کیا گیا تھا۔'
سدھاکر کے مطابق ان دو دنوں ميں دیگر چھ افراد اس وائرس کا شکار ہو گئے جنہيں بعد میں ہسپتال ميں داخل کروایا گیا۔
سدھاکر نے بتایا کہ امریکہ سے آنے والے اس شخص کی حیدرآباد ہوائی اڈے پر جانچ ہوئی تھی لیکن اس وقت ان میں اس وائرس کی علامتیں نہیں پائی گئی تھیں۔





















