ممبئی: مزید ثبوت پاکستان کے حوالے

حافظ محمد سعید(فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشناب یہ ذمہ داری پاکستان کی ہے کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کرے: بھارت

بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ اس نے ممبئی حملوں میں پاکستانی شدت پسندوں کے ملوث ہونے کے بارے میں مزید ثبوت اور معلومات پاکستانی حکومت کو فراہم کی ہیں۔

ثبوت اور معلومات کی یہ چوتھی دستاویز گزشتہ روز دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئی۔

اس دستاویز میں پاکستان کی غیر سرکاری تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کے ان حملوں میں ملوث ہونے کے ثبوت شامل ہیں۔

دلی میں بی بی سی کے نامہ نگار موہن لال شرما نے بتایا کہ ساٹھ صفحات پر مشتمل یہ دستاویز بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر رفعت مسعود کو سونپا۔ بھارت کے وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو حافظ محمد سعید کے خلاف ثبوت سونپے ہیں تاکہ ان کے خلاف مقدمہ چلایا جا سکے۔

بھارتی وزیر داخلہ نے ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے تین دستاویز میں جو ثبوت پاکستان کو دیے گئے ہیں حافظ محمد سعید کے خلاف تحقیقات کے لیے کافی ہیں۔

اس کے بعد بھارت کی خارجہ سیکرٹری نیروپما راؤ کا کہنا تھا کہ اب انہیں انتظار ہے کہ پاکستان اس دستاویز کو پڑھے۔ ’اب یہ ذمہ داری پاکستان کی ہے کہ وہ ان کے خلاف کارروائی کرے‘۔

اس سے پہلے گیارہ جولائی کو اس حملے کی جانچ کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان نے چھتیس صفحات پر مشتمل ایک دستاویز کو سونپا تھا جس میں بھارت میں پکڑے گئے دو ’دہشت گردوں‘ فہیم انصاری اور شہاب الدین کی تفتیش کے بارے میں پوچھا گیا تھا اور ’دہشت گردوں‘ کے درمیان بات چیت کا ٹیپ مانگا گیا تھا۔