پونے میں سوائن فلو سے موت

سوائن فلو وارڈ
،تصویر کا کیپشنانڈیا میں سوائن فلو کے تقریباً پانچ سو کیس بتائے جاتے ہیں
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

مہاراشٹر میں ممبئی سے قریب شہر پونے میں ایک چودہ سالہ لڑکی ردا ساجد شیخ کی سوائن فلو سے موت واقع ہو گئی ہے۔ ہیلتھ افسر راجیندر شینگڑے نے اس کی تصدیق کہ ہندوستان میں سوائن فلو سے ہونے والی پہلی موت ہے۔

پونے میں سوائن فلو کے سب سے زیادہ کیس درج ہوئے ہیں۔ وہاں کے نائیڈو سرکاری ہسپتال میں اب تک ایک سو ایک کیس سوائن فلو کے درج ہوئے تھے۔

ردا کے دادا شاہد انعامدار نے بی بی سی سےفون پر گفتگو کے دوران بتایا کہ ردا کا گزشتہ دو ہفتوں سے علاج جاری تھا۔ اسے انہوں نے مقامی جہانگیر ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا تھا۔ انعامدار کے مطابق ڈاکٹروں نے ان سے کہا کہ بچی کی رپورٹ نارمل ہے اور کسی طرح کا کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن اچانک دوسرے دن اس کی سانسیں رک گئیں اور تب ڈاکٹروں نے کہا کہ اسے نمونیہ ہو گیا ہے۔

انعامدار کے مطابق ردا کو گزشتہ بدھ سے وینٹیلیٹر پر رکھا گیا تھا اور آج پیر کی شام اس کا انتقال ہو گیا۔ انعامدار کے مطابق ردا کی موت کے بعد سرکاری ہیلتھ افسران اور دلی سے خصوصی ڈاکٹروں کی ٹیم ان کے گھر پہنچی تب انہیں پتہ چلا کہ ان کی بچی کی موت سوائن فلو سے ہوئی ہے نمونیہ سے نہیں۔

پونے مہاراشٹر کا وہ علاقہ ہے جہاں سوائن فلو کے کیس سب سے زیادہ درج ہوئے ہیں۔سرکاری نائیڈو ہسپتال ذرائع کے مطابق ہسپتال میں ایک سو ایک کیس درج ہوئے تھے جن میں جرمنی سے آئی ایک طالبہ بھی شامل ہے۔

ڈاکٹروں نے ان میں سے چونسٹھ مریضوں کا علاج کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی۔ اس وقت چوبیس افراد کا سوائن فلو کا علاج جاری ہے۔ ان میں زیادہ تر ابھینو کلا انگریزی سکول کے بچے ہیں۔ حکومت نے اس سکول کو بند کر دیا ہے۔

ہسپتال میں علیحدہ وارڈ بنایا گیا ہے جہاں ان مریضوں کا علاج جاری ہے۔ پورے ملک میں سوائن فلو کے تقریباً پانچ سو کیس بتائے جاتے ہیں جس میں مہاراشٹر میں سب سے زیادہ کیس درج ہوئے ہیں۔