گوا دھماکہ، سناتن سنستھا کا رکن گرفتار

پرگیا سادھوی
،تصویر کا کیپشنکچھ عرصے پہلے گرفتار کی گئی پرگیا سادھوی کا اسی تنظیم سے تعلق جس کے ایک فرد کو گوا دھماکے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

گوا کے مارگو علاقے میں ہونے والے بم دھماکے میں گوا پولیس نے ہندو شدت پسند تنظیم ’سناتن سنستھا‘ کے ایک رکن کو ریاست کے خلاف جنگ چھیڑنے جیسے سنگین الزامات کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔

مالیگاؤں بم دھماکے کے سلسلے میں گرفتار سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر بھی اسی تنظیم کی رکن ہیں۔

جمعہ سولہ اکتوبر کو ہونے والے اس بم دھماکے کے فوراً بعد حراست میں لیے گئے چار افراد سے تفتیش کے بعد پولیس نے تنظیم کے دفاتر اور آشرم پر چھاپے مارے اور پولیس کے مطابق انہیں وہاں سے بہت سی قابل اعتراض اشیاء ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق گوا کے اس دھماکہ کے تانے بانے مہاراشٹر سے جڑے ہو سکتے ہیں۔ اس خدشے کے ساتھ ہی حکومت گوا اور مہاراشٹر کی انسداد دہشت گردی سکواڈ نے مشترکہ طور پر اس کیس کی تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ریاستوں کی پولیس مل کر تنظیم کے سانگلی اور میرج کے دفاتر پر چھاپے مارنے کی تیاری میں ہیں۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر کے مطابق انہیں ان مقامات سے ثبوت ملنے کے امکانات ہیں۔

جمعہ کی شب گوا میں ہونڈا سکوٹر میں دھماکہ ہوا تھا جس میں اس پر سوار دو افراد مالگونڈہ پاٹل اور یوگیش نائیک ہلاک ہوئے۔ پولیس کے مطابق دونوں سناتن سنستھا کے رکن تھے اور دونوں سکوٹر پر دھماکہ خیز اشیاء ساتھ لے جا رہے تھے۔

گوا کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس رویندر یادو نے بی بی سی کو بتایا کہ تنظیم کے اراکین نے مبینہ طور پر تار اور بم نصب کیے تھے جس میں سے تین کو ناکارہ کرنے میں پولیس کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ یادو کے مطابق دھماکے کے بعد ہی پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا تھا اور ان سے تفتیش کے بعد ایک کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ پولیس نے اس ملزم کا نام بتانے سے انکار کر دیا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ اس سے تفتیش میں رکاوٹ آنے کے خدشات ہیں۔

تاہم سناتن سنستھا کا کہنا ہے کہ جس شخص کو پولیس نے گرفتار کیا ہے اس کا تعلق ان کی تنظیم سے نہیں ہے۔

مارگو بم دھماکہ کا سراغ بھی مالیگاؤں بم دھماکہ کی طرح ہی ملا۔ جس سکوٹر پر دھماکہ ہوا وہ سکوٹر نشہاد بکھالے کا تھا۔ پولیس کے مطابق بکھالے مبینہ طور پر تنظیم کا رکن ہے۔ مالیگاؤں بم دھماکے کا سراغ بھی اسی طرح لگا تھا جس سکوٹر پر دھماکہ ہوا تھا وہ مبینہ طور پر تنظیم کی سرگرم رکن سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کا تھا۔ سادھوی اس وقت جیل میں ہیں اور ان کے ساتھ ان کی تنظیم کے گیارہ اراکین بھی۔

گوا پولیس نے اس کیس کی تفتیش کے لیے سپرنٹینڈنٹ آف پولیس اوم پرکاش کورتیکر کی سربراہی میں سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل کی ہے جو مہاراشٹر اے ٹی ایس ٹیم کے ساتھ تفتیش کرے گی۔