ٹرین حادثہ: دو ہلاک گیارہ زخمی

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
ممبئی کے قریب تھانے کوپری گاؤں میں چلتی ٹرین پر اوور ہیڈ پانی کی پائپ لائن والا برج گر پڑا جس کی وجہ سے موٹر مین سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے افراد موٹرمین آر رام چندرن اور مسافر سبھاش نکم ہیں۔اس واقعے میں گیارہ زخمیوں کو تھانے کے میونسپل ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا ہے۔
زخمیوں میں ایسے مسافروں کی تعداد زیادہ ہے جنہوں نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹرین سے کود کر بھاگنے کی کوشش کی۔ کئی مسافروں کے پیر کی ہڈیاں فریکچر ہو گئی ہیں۔
جمعہ کی صبح دس بج کر پینتالیس منٹ پر کلیان جانے والی سینٹرل ریلوے کی لوکل ٹرین پر اچانک پُل گر پڑا۔ ٹرین کے اگلے حصے پر وزنی پل کے گرنے کی وجہ سے موٹرمین آر رام چندرن ڈبے میں ہی پھنس کر رہ گئے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریلوے کے عملہ نے موٹرمین کو ڈبے سے نکالنے کی کوشش شروع کی۔ ڈبے پر گرے پل کو گیس کٹر سے کاٹ کر کرین کے ذریعہ ہٹانے میں چار سے پانچ گھنٹہ کا وقت لگ گیا۔ جب موٹرمین کو باہر نکالا گیا تو وہ بےہوش تھے لیکن ہسپتال پہنچتے ہی ڈاکٹر نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
سینٹرل ریلوے سے دفاتر جانے والے مسافروں کو صبح دفتر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ کئی گاڑیاں منسوخ کر دی گئیں تھیں۔ حکام کے مطابق ریلوے سروس پوری طرح بحال ہونے میں ابھی وقت لگے گا۔
















