بھارت میں ہیڈلی کے خلاف مقدمہ درج

ہندوستان کے وزیر داخلہ پی چدامبرم نے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی شہری ڈیوڈ ہیڈلی نے ممبئی حملے سے پہلے اور بعد میں کئی بار بھارت کا دورہ کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ابھی اس بات کی جانچ کی جارہی ہے کہ ہیڈلی نے انڈیا میں کن کن مقامات کا دورہ کیا ہے۔
ڈیوڈ کول مین ہیڈلی کو امریکہ میں تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔
بھارت کی قومی تفتیشی ایجنسی نے ہیڈلی کے خلاف انڈیا میں دہشتگردی کے حملوں کی سازش کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق مقدمہ درج کرنے کی وجہ یہ کہ بعد میں آکر ضرورت پڑے تو بھارت اس کی بنیاد پر ان کی حوالگي کا مطالبہ کر سکتا ہے۔
اس انکشاف کے بعد کہ ڈیوڈ ہیڈلی نے بھارت کا دورہ کیا تھا انڈیا نے پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کے لیے ویزا نظام میں سختی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کے لیے بھارت آنے کے لیے اب ویزا کی منظوری دلی سے ہوگي۔ جبکہ اس سے پہلے ایسے افراد کو امریکہ میں بھارتی سفارت خانہ ویزا جاری کیا کرتا تھا۔
نئی ہدایات کے مطابق ایسے افراد کو ویزا جاری کرنے کے لیے اب ان کے کاغذات دلی بھیجے جائیں گے اور دلی سے منظوری کے بعد ہی انہیں ویزا جاری کیا جائیگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل بھارتی وزیر داخلہ پی چدامبرم نے کہا تھا کہ ڈیوڈ ہیڈلی کی ’دہشتگردی‘ کی سازش کا سلسلہ پاکستان سے ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ نے وہ حلف نامہ پڑھا ہے جو ایف بی آئی نے عدالت میں پیش کیا ہے اور جسے بعد میں اخبارات نے شائع کیا تو اس میں پاکستان سے کڑی جڑنے کا پتہ چلتا ہے۔‘





















