بدعنوانوں کو سزا ملےگی:سونیاگاندھی

بھارت میں حکمراں جماعت کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ کھیلوں کی تیاری میں جو بھی بدعنوانی میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کھیل ’قوم کے لیے فخر کی بات ہے‘ اور انہیں ہر حال میں کامیابی سے منعقد کرایا جائےگا۔
کامن ویلتھ گیمز میں اب تقریباً چالیس روز باقی ہیں لیکن ابھی ان کی تیاریاں مکمل نہیں ہیں اور اس میں زبردست بدعنوانی کی باتیں ہورہی ہیں۔
سونیا گاندھی نے کہا کہ ’وزیراعظم منموہن سنگھ کامن ویلتھ گیمز میں بدعنوانی کے الزامات کا جائزہ لے رہے ہیں‘۔ یہ گیمز دلی میں تین اکتوبر سے چودہ اکتوبر کے درمیان ہوں گے۔
محترمہ گاندھی کا کہنا تھا کہ کھیل کا تعلق کسی فرد واحد یا سیاسی جماعت سے نہیں ہے۔’یہ قوم کے لیے فخر کی بات ہے اور انہیں کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس بارے میں جوابدہی کو نظر انداز کر دیا جائے۔’مجھے یقین ہے کہ جیسے ہی کھیل ختم ہوں گے حکومت بدعنوانی کے الزامات کو دیکھے گی اور جو بھی اس میں ملوث پایا گیا اسے بخشا نہیں جائے گا‘۔
اس سے قبل بدعنوانی کے الزام دو افراد کو برخاست کیا جا چکا ہے۔ کھیل کی تیاریوں کی نگرانی کے لیے حکومت نے وزراء پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔
اس دوران گیمز کے سربراہ مائیک فینیل دلی میں ان کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ابھی کجھ جگہیں پوری طرح تیار نہیں ہیں اور بہت سوں کو سکیورٹی کا سرٹیفیکٹ نہیں ملا ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ کھیل کے ہونے تک ہر چیز پوری طرح تیار ہو جائےگی۔




















