یرغمالی پولیس اہلکاروں میں ایک کی موت

ہندوستان کی ریاست بہار میں ماؤنواز باغیوں نے جن چار پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا تھا ان میں سے ایک اہلکار کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
ماؤنواز باغیوں نے اپنے مطالبات منوانے اور پولیس اہلکاروں کی رہائی کے لیےجمعرات کی صبح دس بجے کی ڈیڈلائن رکھی تھی جوکہ ختم ہوگئی تھی۔
اس دوران ماؤنوازوں نے تین اہلکاروں کو ابھی یرغمال بنا رکھا ہے اور ان کے لیے اپنی ڈیڈ لائن بڑھا دی ہے۔
اس سے قبل ماؤنواز باغیوں کے ترجمان اویناش نے بی بی سی کو فون کرکے بتایا تھا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نا کیےگئے تو وہ کسی نامعلوم جگہ پر ایک ’عوامی عدالت‘ میں یہ طے کریں گے کہ یرغمال بنائے گئے پولیس اہلکاروں کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے۔
اتوار کو بہار کے لکھی سرائے ضلع میں ماؤنواز باغیوں اور پولیس کے ساتھ ایک جھڑپ کے بعد ان پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا گیا تھا۔
اس درمیان لکھی سرائے کے پولیس چیف کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ انہوں نے وقت پر صحیح حکمت عملی نہیں بنائی جس کے نتیجے میں یہ صورتحال پیدا ہوئي۔
دراثناء بہار پولیس ایسوسی ایشن نے وارننگ دی ہے کہ اگر انکے ساتھیوں کو رہا نہیں کرایا گیا تو وہ جمعرات کے روز سے ہڑتال پر چلے جائیں۔ .
















