آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, ممکنہ مذاکرات کے تناظر میں اسلام آباد میں سکیورٹی سخت، امریکی ناکہ بندی کے باوجود پاکستانی جہاز سمیت چار جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کی پاکستانی رہنماؤں کی سفارتی کوششوں اور صدر ٹرمپ کی جانب سے معاہدہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد کا دورہ کرنے کے عندیے کے تناظر میں اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ایران کی بندرگاہوں سے روانہ ہونے والے پاکستانی جہاز سمیت چار بحری جہاز امریکی ناکہ بندی لائن عبور کر چکے ہیں۔

خلاصہ

  • اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کے بعد بیدخل ہونے والے لبنانی شہریوں کی گھروں کو واپسی جاری ہے
  • صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ معاملات بہتری کی جانب جا رہے ہیں، آج کا دن لبنان کے لیے تاریخی ہو سکتا ہے
  • امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کی اطلاعات اور ٹرمپ کی جانب سے معاہدہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد کا دورہ کرنے کے عندیے کے بیچ اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں
  • ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کے امریکی مطالبے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے اور اگر اسلام آباد میں کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو 'میں شاید خود چلا جاؤں۔'
  • آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کے لیے برطانیہ اور فرانس کی میزبانی میں اجلاس آج ہو گا

لائیو کوریج

  1. اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ، مختلف علاقوں میں گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری

    امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کی پاکستانی رہنماؤں کی سفارتی کوششوں اور صدر ٹرمپ کی جانب سے معاہدہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد کا دورہ کرنے کے عندیے کے بیچ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے ضلع بھر میں گرینڈ سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کیے، جن کے تحت تھانہ کرپا، تھانہ سمبل، تھانہ سیکریٹریٹ، تھانہ کھنہ، تھانہ انڈسٹریل ایریا، تھانہ بنی گالہ اور تھانہ ترنول کے علاقوں میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

    یہ سرچ آپریشنز ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی سپرویژن اور زونل ایس پیز کی نگرانی میں کیے گئے، جن میں لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا۔

    آپریشنز کے دوران 712 افراد اور 1108 گھروں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 182 دکانوں اور 32 ہوٹلوں کی بھی تلاشی لی گئی۔ مزید برآں 381 موٹر سائیکلوں اور 141 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔

    کارروائی کے دوران 20 افغان باشندوں، 56 مشکوک افراد، 2 گاڑیوں اور 47 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے مختلف بور کے چار پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔

    شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کے لیے خصوصی چیکنگ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی سکواڈ شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ سینئر افسران بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔

  2. اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت اقدامات, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    اسلام آباد امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کی پاکستانی رہنماؤں کی سفارتی کوششوں اور صدر ٹرمپ کی جانب سے معاہدہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد کا دورہ کرنے کے عندیے کے بیچ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    اسلام آباد میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ناکے لگائے جا رہے ہیں جن پر پولیس اور فوجی اہلکار تعینات ہوں گے۔ اسی طرح پنجاب سے بُلائی گئی پولیس کی اضافی نفری بھی اسلام آباد میں فرائض سرانجام دے گی۔

    جڑواں شہروں، اسلام آباد اور راولپنڈی، کی انتظامیہ نے دونوں شہر کے اندر موجود پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈوں کو بند کروا دیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق یہ اڈے 26 اپریل تک بند رہنے کا امکان ہے۔

    پبلک ٹرانسپورٹ کے یہ اڈے فیض آباد، پیر ودھائی، منڈی موڑ اور 26 نمبر چونگی پر واقع ہیں۔ اسی طرح بھاری ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ہے اور پشاور اور ٹیکسلا سے آنے والی گاڑیوں کو مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

    جڑواں شہر کی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ جڑواں شہر کے اکثر روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ چل رہی ہے تاہم تاحال اسے بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے اسلام آباد میں معاہدہ ہونے کی صورت میں وہ پاکستان جا سکتے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی انتہائی ضروری آمد و رفت اور سفر کے علاوہ اسلام آباد میں نقل وحرکت کو محدود کرنا ہے۔

  3. اسرائیل اور لبنان میں جنگ بندی کے بعد بیروت میں جشن، یہ جنگ کا اختتام ہے یا وقفہ, ہوگو بچیگا، بی بی سی کے یروشلم میں مشرقِ وسطیٰ کے نامہ نگار کا تجزیہ

    بیروت میں جیسے ہی گھڑیوں میں بارہ بجے تو جنگ بندی کے آغاز کی خوشی میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کرکے جشن منایا گیا۔

    لبنان جنوبی شہر صیدا میں بھی لوگ ہنشی خوشی گھروں کو لوٹنے کی کوششوں میں مگن دکھائی دیے۔

    اور رات کے اندھیرے میں ہی وہ پل مرمت ہونا شروع ہو گئے جو جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں میں تباہ ہو گئے تھے۔

    جنگ بندی کے ابتدائی گھنٹوں میں لبنانی فوج نے چند دیہات پر اسرائیلی گولہ باری کی نشاندہی کرتے ہویے اسے اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزی دیا تاہم حزب اللہ نے جنگ بندی کی پابندی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    لبنانی عوام کسی وقفے کے شدت سے منتظر تھے۔

    یہ جنگ ملک کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔ 2,100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 10 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے ہیں یعنی ہر پانچ میں سے ایک شخص متاثر ہوا۔

    تاہم کئی اہم مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔

    حزب اللہ کے پاس ہتھیار ہیں جبکہ اسرائیلی فوجی اب بھی لبنانی علاقے میں موجود ہے اور ان کے انخلا کی کوئی واضح مدت طے نہیں کی گئی۔ معاہدے کے مطابق اسرائیل کو لبنان پر حملے جاری رکھنے کی اجازت بھی ہو سکتی ہے۔

    یہ جنگ بندی میں ایک وقفہ تو ہو سکتا ہے لیکن اختتام نہیں۔

  4. معاملات بہتری کی جانب جا رہے ہیں، یہ دن لبنان کے لیے تاریخی ہو سکتا ہے: ٹرمپ

    ٹرمپ نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ دن لبنان کے لیے تاریخی ہو سکتا ہے۔‘

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو علاقائی استحکام کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

    ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوسٹ میں مزید کہا کہ ’معاملات بہتری کی جانب جا رہے ہیں۔‘

    یاد رہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان دس روزہ جنگ بندی کے اعلان پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل بیان میں لبنان میں موجود ایران کے حمایت یافتہ گروہ حزب اللہ پر زور دیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی کی پابندی میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

    انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ حزب اللہ اس اہم مرحلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا۔

    ٹرمپ کے مطابق ’اب مزید خونریزی نہیں ہونی چاہیے اور امن قائم ہونا چاہیے۔‘

  5. آبنائے ہرمز کشیدگی، ایران سے روانہ ہونے والے چار بحری جہاز امریکی ناکہ بندی لائن عبور کر گئے, جوشا چیتھم، بی بی سی ویریفائی

    بحری جہازوں کے ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق ایران کی بندرگاہوں سے روانہ ہونے والے چار بحری جہاز امریکی ناکہ بندی لائن عبور کر چکے ہیں۔

    بی بی سی ویریفائی کے مطابق یہ تمام جہاز کنٹینر شپ ہیں۔ ان میں سے تین ایران کے پرچم کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں جبکہ چوتھا جہاز ٹیوا فور کوموروس میں رجسٹرڈ ہے۔

    یاد رہے کہ یہ معلومات ان جہازوں کی خود رپورٹ کردہ ٹریکنگ پوزیشنز پر مبنی ہیں۔ ماہرین کے مطابق کچھ بحری جہاز اپنے ٹریکنگ سسٹم بند بھی کر سکتے ہیں یا غلط مقام ظاہر کر سکتے ہیں، جسے’سپوفنگ‘ کہا جاتا ہے۔

    امریکہ نے پیر کو ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اس کے بعد سے جن جہازوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی، ان کی تفصیل کے مطابق

    آزرگون (Azargoun) ایرانی بندرگاہ شاہد رجائی سے روانہ ہوا اور اس نے تقریباً 16:00 بجے ناکہ بندی لائن عبور کی جس کے بعد وہ انڈیا کے شمال مغرب میں کانڈلا کی طرف جاتا دکھائی دے رہا ہے۔

    آشکن تھری (Ashkan 3 ) مشرقی ایرانی بندرگاہ چابہار سے دوپہر کے بعد روانہ ہوا اور اس وقت پاکستان میں کراچی کے قریب دکھائی دے رہا ہے۔

    شبدس (Shabdis) بھی ایرانی بندرگاہ چابہار سے روانہ ہوا جس نے تقریبا مقامی وقت کے مطابق 21:00 بجے لائن عبور کی اور اب وہ انڈیا کی جنوب مغربی ریاست کیرالہ کے قریب ہے جبکہ اس کی منزل ژوہائی، چین بتائی جا رہی ہے۔

    ٹیوا فور(Tava 4) امام خمینی بندرگاہ سے روانہ ہوا اور ناکہ بندی لائن عبور کرنے کے بد اب انڈیا کے مغربی ساحل کے قریب سے گزرتا ہوا جواہر لعل نہرو پورٹ (ممبئی) کی طرف جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ حالیہ پریس کانفرنس میں امریکی جنرل ڈین کین نے کہا تھا کہ امریکہ اب بھی ناکہ بندی برقرار رکھے ہوئے ہے۔

    جب ان جہازوں کے گزرنے کے وقت کے بارے میں پوچھا گیا تو امریکی سینٹرل کمانڈ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے پاس ’چیئرمین کے بیان سے ہٹ کر کچھ شامل کرنے کے لیے نہیں۔‘

  6. آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کے لیے برطانیہ اور فرانس کی میزبانی میں اجلاس آج ہو گا

    آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت بحال کرنے کے لیے برطانیہ اور فرانس اپنے اتحادیوں کے ساتھ آج ایک اہم بیٹھک کرنے جا رہے ہیں جس میں اس معاملے کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔

    یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں اپنی ساحلی پٹی کے قریب واقع اس اہم آبی راستے کو مؤثر طور پر بند کر رکھا ہے۔

    دوسری جانب امریکہ نے بھی ایرانی بندرگاہوں پر اپنی پابندیاں سخت کر دی ہیں جس کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں میں عالمی سطح پر نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    برطانوی وزیرِاعظم کے دفتر کے مطابق تقریباً 40 ممالک اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں خطے میں جاری نازک جنگ بندی کے تحفظ اور آبنائے ہرمز میں بحری راستوں کو طویل مدت کے لیے دوبارہ کھولنے اور محفوظ بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

    ڈاؤننگ سٹریٹ کا کہنا ہے کہ کیئر سٹارمر اجلاس میں اس بات پر زور دیں گے کہ آبنائے ہرمز کا ’بلا شرط اور فوری طور پر دوبارہ کھلنا‘ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی ایوانِ صدر ایلیزے کی جانب سے بھیجے گئے دعوت نامے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں شرکا کی جانب سے ’ دفاعی نوعیت کے ملٹی نیشنل فوجی مشن‘ کے امکان پر بھی بات کی جائے گی تاکہ اس اہم آبی راستے میں جہاز رانی کی آزادنہ نقل و حمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

  7. اسرائیل اور لبنان کے جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایشیائی منڈی میں تیل کی قیمت میں معمولی کمی

    لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد جمعے کی صبح ایشیائی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً ایک فیصد کم ہو کر 98.50 ڈالر فی بیرل رہ گئی ہے جبکہ امریکی خام تیل 1.2 فیصد کمی کے ساتھ 93.60 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری دو ہفتے کی مشروط جنگ بندی کو بھی متاثر کیا تھا۔

    ایران کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے لبنان پر حملے اس معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔

  8. یورپ کو جیٹ فیول کی شدید قلت کے خدشات، جون تک صورتحال نازک ہو سکتی ہے: بین الاقوامی توانائی ایجنسی, تھیو لیگیٹ اور جیما کریو، بی بی سی نیوز

    بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) نے خبردار کیا ہے کہ یورپ کے پاس اب صرف چھ ہفتوں تک ہوائی جہازوں کے ایندھن کا ذخیرہ موجود رہ گیا ہے اور اگر مشرقِ وسطیٰ سے درآمدات بحال نہ ہو سکیں تو جون تک صورتحال نازک ہو سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ خلیج سے جیٹ فیول کی ترسیل کا اہم راستہ آبنائے ہرمز ایران کی جانب سے چھ ہفتوں سے بند ہےجس کے باعث قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور قلت کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

    بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے سربراہ فاتح بیرول نے کہا کہ اگر سپلائی بحال نہ ہوئی تو پروازوں کی منسوخی کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر جیٹ فیول کی سب سے بڑی برآمد خلیجی ممالک سے ہوتی ہے جبکہ جنوبی کوریا، انڈیا اور چین جیسے ممالک کی ریفائنریاں بھی مشرقِ وسطیٰ کے خام تیل پر انحصار کرتی ہیں۔

    اس بحران نے ایوی ایشن فیول مارکیٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔

    برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ وہ ایئرلائنز اور فیول سپلائرز کے ساتھ مل کر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور فی الحال برطانیہ میں سپلائی میں کوئی رکاوٹ رپورٹ نہیں ہوئی۔ ایئرلائنز یوکے کے مطابق اگر بحران بڑھا تو اس پر قابو کے لیے حکومتی اقدامات ضروری ہوں گے۔

    یورپ ماضی میں اپنی 75 فیصد جیٹ فیول درآمدات مشرقِ وسطیٰ سے حاصل کرتا رہا ہے، اور اب وہ امریکہ اور نائجیریا سے متبادل سپلائی تلاش کر رہا ہے۔

    آئی ای اے کا کہنا ہے کہ امریکی برآمدات میں تیزی آئی ہے، لیکن یہ مجموعی کمی کا صرف نصف حصہ پورا کر سکتی ہیں۔

    ادارے نے خبردار کیا کہ اگر یورپ اپنی ضروری سپلائی کا 50 فیصد بھی پورا نہ کر سکا تو بعض ہوائی اڈوں پر ایندھن کی کمی اور پروازوں کی منسوخی کا امکان ہے

    ادارے کے مطابق اگر 75 فیصد سپلائی بھی بحال ہو جائے تو بھی اگست تک مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

    توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ چاہے خلیج سے سپلائی جلد بحال ہو بھی جائے، موسمِ گرما کے سفر کے عروج سے پہلے یورپ کے کچھ علاقوں میں قلت کا سامنا رہ سکتا ہے۔

  9. فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران: صدر اور پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر سمیت کن رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں؟

    چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے دورے کے دوسرے روز ایرانی صدر اور پاسدارانِ انقلاب کے رہنماؤں سمیت دیگر حکام سےملاقاتیں کی ہیں۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ بدھ کو تہران پہنچے تھے، جہاں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اُن کا استقبال کیا تھا۔ تہران آمد کے پہلے روز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عباس عراقچی سے ملاقات کی تھی۔

    تہران میں قیام کے دوسرے روز جمعرات کو فیلڈ مارشل نے مصروف دن گزارا اور ایرانی صدر، سپیکر پارلیمنٹ اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔

    فیلڈ مارشل نے جمعرات کو ایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔

    اس ملاقات کے حوالے سے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے تاحال تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم ایرانی حکومت اور اس سے منسلک خبر رساں اداروں کی جانب سے ان ملاقاتوں کی تصاویر اور تفصیلات شیئر کی جا رہی ہیں۔

    ایرانی حکومت سے منسلک ایکس اکاؤنٹ سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر نے صدر مسعود پیزشکیان سے ملاقات میں کہا کہ ’اگرچہ یہ جنگ ختم ہو جائے گی لیکن خطہ اپنے سابقہ ​​حالات پر واپس نہیں آئے گا۔ تمام ممالک کو تعمیرِ نو، استحکام اور دیرپا امن کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔‘

    ایرانی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق آرمی چیف نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب، مصر اور ترکی نے اس بحران کے دوران سفارتی کوششوں کی حمایت کی۔ ایران اور پاکستان کے درمیان گہرے مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتے ہیں۔ جلد ہی معاہدہ ہو سکتا ہے۔ یہ جنگ تباہی اور نقصان کے سوا کچھ نہیں لاتی۔‘

    بیان کے مطابق صدر پیزشکیان نے کہا کہ جنگ بندی کی طرف بڑھنے میں پاکستان کا ذمہ دارانہ کردار قابلِ ذکر ہے۔ ایران خطے میں امن، استحکام اور برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کا اتحاد اسرائیلی حکومت کے مقاصد کو ناکام بنا دے گا۔

    صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی عوام وعدوں کی بار بار خلاف ورزیوں کی وجہ سے امریکہ پر اعتماد نہیں کرتے۔ ایران بین الاقوامی قانون کے اندر اپنے حقوق کے تحفظ پر اصرار کرتا ہے اور ثالثی، جنگ بندی کے عمل اور اسلام آباد میں ایرانی وفد کی میزبانی میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    سپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف

    جمعرات کو ہی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی۔ محمد باقر قالیباف نے امریکہ کے ساتھ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت کی تھی۔

    ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کے مطابق ملاقات کے دوران محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکی وعدوں کی خلاف ورزی خطے میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

    قالیباف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ جامع تعلقات استوار کرنا اسلامی جمہوریہ کی ایک مستحکم اور فیصلہ کن پالیسی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ وہ لوگ جنھوں نے جنگ شروع کی اور اب اسے روکنے کی شدت سے کوشش کر رہے ہیں، وہ ماضی میں عدم اعتماد پیدا کرنے والے رویوں کو ترک کریں گے۔‘

    پاسدارانِ انقلاب کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    جمعرات کو ہی فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھوں نے کمانڈر سے ملاقات کی ہے۔

    ملاقات کے دوران انھوں نے آئی جی آر سی کے کمانڈر کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے فریم ورک کے تحت کیے گئے اقدامات اور تہران میں ہونے والی اپنی حالیہ بات چیت سے متعلق گفتگو کی۔

    فریقین کے درمیان خطے کی صورتحال اور امن و استحکام کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پریس ٹی وی ایران کے مطابق اعلیٰ ایرانی کمانڈر نے ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بتایا کہ ’ہم نے اس جنگ میں جو بھی ہتھیار استعمال کیے وہ مقامی طور پر ایرانی نوجوانوں نے تیار کیے تھے۔ آج کسی کو شک نہیں کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی برے اقدام کی صورت میں مسلح افواج ہر طرح کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔‘

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر زور دیا کہ جنگ کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے جاری کوششوں کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جانا چاہیے۔

  10. جنگ بندی کے اعلان پر اسرائیل میں شکوک و شبہات, لوسی ولیئم سن، بی بی سی نیوز

    شمالی اسرائیل میں جنگ بندی کی خبر سامنے آتے ہی تین مرتبہ راکٹ حملوں کے سائرن بجے اور نہاریا کے اوپر موجود اسرائیلی فضائی دفاع نے راکٹوں کو فضا میں ہی روک لیا۔

    طبی حکام کے مطابق جنگ بندی کے نافذ ہونے سے چند گھنٹے پہلے کم از کم تین افراد راکٹ حملوں سے زخمی ہوئے جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

    نہاریا کے رہائشیوں اور ملک کے دیگر حصوں میں کئی لوگ اس بات پر شکوک کا اظہار کر رہے ہیں کہ اسرائیلی قیادت نے اس مرحلے پر جنگ بندی کیوں قبول کی۔

    کچھ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ اس بار صورتحال مختلف ہوگی لیکن ایک بار پھر ایسا معاہدہ سامنے آیا ہے جو ان کے مطابق کوئی دیرپا حل پیش نہیں کرتا۔

    نہاریا کے ایک طالب علم نے کہا کہ اسے محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، کیونکہ انھیں ’یقین دلایا گیا تھا کہ اس بار نتیجہ مختلف ہوگا لیکن ایک بار پھر ایسا معاہدہ سامنے آیا ہے جو کوئی دیرپا حل نہیں دیتا۔‘

    ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ لبنان کی حکومت کو موقع دیا گیا تھا مگر وہ معاہدے کی شرائط پوری نہ کر سکی، خاص طور پر حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے معاملے میں۔

    اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے اعلان سے کچھ دیر پہلے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے صرف پانچ منٹ کے نوٹس پر سکیورٹی کابینہ کا اجلاس بلایا جبکہ وزرا کو اس جنگ بندی پر ووٹ دینے کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔

    بعض تجزیہ کاروں کے مطابق یہ صورتحال اس تاثر کو تقویت دیتی ہے کہ نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ پر لڑائی روکنے پر آمادگی ظاہر کی، چاہے شرائط یا وقت اسرائیل کی خواہش کے مطابق نہ ہو۔

    یاد رہے کہ اسرائیلی فوج کے پاس اس وقت جنوبی لبنان میں پانچ ڈویژن موجود ہیں، اور صرف ایک روز قبل ہی فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ فوجی پیش قدمی جاری رہے گی۔

  11. حزب اللہ جنگ بندی کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کرے: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان میں موجود ایران کے حمایت یافتہ گروہ حزب اللہ پر زور دیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی کی پابندی میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

    انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ حزب اللہ اس اہم مرحلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا۔

    ٹرمپ کے مطابق ’اگر ایسا ہوا تو یہ اس کے لیے ایک ’بہت بڑا لمحہ‘ ہوگا۔‘ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اب مزید خونریزی نہیں ہونی چاہیے اور امن قائم ہونا چاہیے۔

    یاد رہے کہ یہ جنگ بندی باضابطہ طور پر اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہے جہاں ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ متحرک ہے۔

    اسرائیلی حکام نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ جنگ بندی کے دوران اسرائیل صرف اُس صورت میں کارروائی کرے گا جب حزب اللہ کی جانب سے کوئی فوری خطرہ لاحق ہو۔

    اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے جمعرات کو کہا تھا کہ پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ اس گروہ کو غیر مسلح کیا جائے۔

  12. لبنان جنگ بندی میں ثالثی پر ریاست پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے شکر گزار ہیں: محمد باقر قالیباف

    ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے لبنان میں جنگ بندی کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا ہے اور اپنے پیغام میں حکومت پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    ایکس پر جاری اپنے پیغام میں باقر قالیباف نے کہا کہ ’جنگ بندی صرف حزب اللہ کی ثابت قدمی اور مزاحمتی محور کے اتحاد کا نتیجہ ہے۔ ہم اس جنگ بندی پر احتیاط کے ساتھ ڈیل کریں گے اور مکمل کامیابی کے حصول تک ایک ساتھ رہیں گے اور اس پیش رفت کو مکمل فتح کے حصول تک محتاط انداز میں آگے بڑھایا جائےگا۔

    یاد رہے کہ محمد باقر قالیباف نے پاکستان میں مذاکرات کے لیے آنے والے ایرانی وفد کی سربراہی بھی کی تھی۔

    لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے جس 10 روزہ معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا اس کا آغاز اب ہو چکا ہے۔

  13. لبنان میں جنگ بندی کے بعد کے مناظر

    لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد بیروت میں جشن اور خوشی کے مناظر دیکھنے میں آئے ہیں۔

    جنگ بندی شروع ہونے کے بعد بے گھر افراد اپنے گھروں کو لوٹنا شروع ہو گئے ہیں۔

    لبنان کے صدر نے جوزف عون نے اس معاہدے کا خیرمقدم کیا، جبکہ اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس اسے امن کا ’تاریخی‘ موقع قرار دیا ہے۔

  14. اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کا آغاز

    لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے جس 10 روزہ معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا اس کا آغاز اب ہو چکا ہے۔

    لبنان کے صدر نے جوزف عون نے اس معاہدے کا خیرمقدم کیا، جبکہ اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس اسے امن کا ’تاریخی‘ موقع قرار دیا ہے۔

    ایران کی حامی حزب اللہ کا کہنا ہے کہ وہ اس معاہدے کی پاسداری کرے گی لیکن جنگ بندی سے قبل وہ اسرائیلی فورسز کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کرتی رہی ہے۔

  15. لبنان میں جنگ بندی پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والے ابتدائی معاہدے کا حصہ تھی: ایران

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والے ابتدائی ایران‑امریکہ معاہدے کا حصہ تھی۔

    ان کا کہنا ہے کہ ایران نے ’ابتدا ہی سے‘ اس بات پر زور دیا تھا کہ ’پورے خطے، بشمول لبنان، میں بیک وقت جنگ بندی‘ کی ضرورت ہے۔

    بقائی نے لبنان کے عوام اور حکومت کے ساتھ ’یکجہتی‘ کا اظہار کیا اور جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کے ’مکمل انخلا‘ کی ضرورت پر زور دیا، ایک ایسا اقدام جس کی اسرائیلی وزیرِاعظم پہلے ہی نفی کر چکے ہیں۔

    انھوں نے تمام قیدیوں کی رہائی، بے گھر ہونے والے رہائشیوں کی اپنے گھروں کو واپسی کا بھی مطالبہ کیا اور اسرائیل‑لبنان جنگ بندی معاہدہ طے کرانے میں پاکستان کی کوششوں پر اس کا شکریہ ادا کیا۔

  16. ایران کے ساتھ معاہدے پر اسلام آباد میں دستخط ہوتے ہیں تو شاید پاکستان چلا جاؤں: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کے امریکی مطالبے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے اور اگر اسلام آباد میں کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو ’میں شاید خود چلا جاؤں۔‘

    جمعرات کو وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے امریکہ کی تقریباً تمام شرائط مان لی ہیں۔

    خیال رہے پاکستان واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات میں بطور ثالث کردار ادا کر رہا ہے اور گذشتہ ہفتے دونوں کے درمیان بات چیت کا پہلا دور اسلام آباد میں ہوا تھا۔

    گفتگو کے دوران ایک صحافی نے امریکی صدر سے سوال کیا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدے پر مہر ثبت کرنے پاکستان جائیں گے، تو ان کا کہنا تھا: ’اگر معاہدے پر دستخط اسلام آباد میں ہوتے ہیں تو شاید میں چلا جاؤں۔‘

    ’پاکستان میں فیلڈ مارشل اور وزیرِ اعظم بہترین لوگ ہیں، شاید میں وہاں چلا جاؤں۔‘

    ایران یا امریکہ کی جانب سے مذاکرات کے دوسرے دور کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’میرا خیال ہے کہ ہم ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بہت قریب ہیں۔‘

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے 20 برس تک جوہری ہتھیار نہ حاصل کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

    ’اچھا لگ رہا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے جا رہے ہیں اور یہ ایک اچھا معاہدہ ہوگا، جس میں جوہری ہتھیار نہیں ہوگا۔‘

    ’ان کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوگا۔ ایمانداری کے ساتھ 20 برس کی کسی حد کو میں نہیں مانتا۔‘

    خیال رہے ایران نے اب تک امریکی صدر کے دعوؤں پر تبصرہ نہیں کیا ہے

  17. اس وقت کسی بھی پاکستانی نمائندے کا دورۂ امریکہ طے نہیں: وائٹ ہاؤس عہدیدار, روحان احمد، بی بی سی اردو اسلام آباد

    وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا ہے کہ فی الوقت کسی بھی پاکستانی نمائندے کا امریکہ کا دورہ طے نہیں ہے۔

    وائٹ ہاؤس کے عہدیدار کی جانب سے بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ شاید پاکستانی فیلڈ مارشل عاصم منیر جمعے کو واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔

    اس حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ: ’اس وقت پاکستان کے کسی بھی نمائندے کا دورہ طے نہیں ہے۔‘

    ’تاہم جیسا کہ صدر ٹرمپ نے کہا ہے پاکستان (ایران کے ساتھ) مذاکرات میں بہت مددگار ثابت ہوا ہے اور بات چیت ابھی بھی جاری ہے۔‘

    خیال رہے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور گذشتہ ہفتے اسلام آباد میں ہوا تھا اور مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

    گذشتہ روز پاکستان کے چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران پہنچے تھا، جہاں انھوں نے سیاسی اور عسکری شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ دورہ ثالثی کی کوششوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

  18. اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے۔ آگے بڑھنے سے پہلے گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔

    • امریکہ نے اپنے براعظم میں واقع ممالک کے ان افراد کو ویزوں کے اجرا پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو اس کے مطابق ’امریکی مفادات کو نقصان پہنچانے میں (امریکہ کے) حریفوں کی حمایت کرتے ہیں۔‘
    • حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے کسی بھی معاہدے میں ’لبنانی سرزمین پر ہر جگہ حملوں کا مکمل خاتمہ‘ اور ’اسرائیلی افواج کے لیے نقل و حرکت کی کوئی آزادی نہ ہونا‘ جیسے نکات شامل ہونا چاہییں۔
    • اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور سے قبل سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق 18 اپریل سے اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند کردیا جائے گا۔ فیض آباد اور منڈی موڑ پر موجود بسوں کے اڈے آج رات 11 بجے سے تاحکم ثانی بند ہوں گے۔
    • پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انھوں نے کمانڈر سے ملاقات کی ہے۔
    • پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت بی بی سی کی رپورٹ کی فیکٹ فائندنگ کمیٹی سے تحقیقات کرے گی۔
  19. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ یہاں ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں ککو شامل کرتے ہیں۔

    اگر آپ 16 اپریل کی خبروں کو پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔

Trending Now