تمل باغیوں کا لاہور حملے سےانکار

سری لنکا کے تامل باغیوں نے کہا ہے کہ لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر حملے سے ان کی تنظیم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
آسٹریلیوی ریڈیو ایس بی ایس سے بات کرتے ہوئے تامل باغیوں کے ترجمان تھلیپان نے کہا کہ اس الزام میں کوئی سچائی نہیں کہ ان کی تنظیم کا اس حملے سے تعلق تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'یہ صحیح نہیں ہے، ہمارا ان لوگوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘
منگل کی صبح کو سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر اس وقت حملہ ہوا تھا جب وہ دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کے کھیل کے لیے ہوٹل سے سٹیڈیم جا رہی تھی۔ اس حملے میں چھ پولیس اہلکار اور ایک ّرائور ہلاک اور کئی سری لنکن کھلاڑی زحمی ہوئے تھے۔
حملے کے بعد اس شبہ کا اظہار بھی کیا گیا تھا کہ شاید تمل باغی اس حملے کے ذمہ دار تھے تاہم اب تنظیم نے اس سے انکار کیا ہے۔
حملے کے بعد سری لنکا کے وزیرِخارجہ روہتا بگولہ گامہ پاکستان پہنچے جہاں ان کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

















