ڈی آئی خان میں خودکش دھماکہ

صوبہ سرحد کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے ایک خودکش حملے میں تین افراد ہلاک جبکہ گیارہ زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو عام شہری شامل ہیں۔ جبکہ زخمیوں میں سات پولیس اہلکار بتائے جاتے ہیں۔ زخمیوں کو ڈیرہ ضلعی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے جمعرات کو رات آٹھ بجے کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے ایک چینگ چی رکشے میں ڈیرہ سرکلر روڈ پر واقعہ ایک پولیس ناکے کے قریب اس وقت ایک خودکش دھماکہ کیا جب پولیس اہلکار ناکے کے قریب لوگوں کی تلاشی لے رہے تھے۔
مقامی پولیس افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ دھما کے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔لیکن تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں میں ناکے بھی لگائے ہیں اور شہر میں داخل ہونے والوں پر پولیس کی نظر ہے۔
یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کو فرقہ وارانہ لحاظ سے حساس شہر تصور کیا جاتا ہے اور سنی شیعہ فسادت کے حوالے سے شہر میں سخت حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے ہیں جن کے تحت پہلے سے ہی بنوں اور دیگر مقامات سے تین ہزار اضافی پولیس اہلکاروں کو ڈیرہ اسماعیل خان میں تعینات کیا گیا ہے۔
















