باجوڑ:امن کمیٹی رکن ہلاک

طالبان(فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنامن کمیٹیوں کے ایک درجن سے زیادہ رضاکاروں کو شدت پسند ہلاک کر چکے ہیں
    • مصنف, دلاور خان وزیر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز اغواء کیے جانے والے امن کمیٹی کے ممبر کی لاش ایک ویرانے سے ملی ہے جنہیں فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔

باجوڑ ایجنسی کی پولیٹکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سنیچر کو تحصیل ماموند کے علاقے قمرسے مقامی لوگوں کو امن کمیٹی کے ممبر ملک محمد گل کی لاش ایک ویرانے سے ملی۔

مقامی لوگوں نے بی بی سی کو بتایا کہ امن کمیٹی کے ممبر محمد گل کوگزشتہ روز تحصیل سلارزئی کے علاقے بالم خار سے نامعلوم شدت پسندوں نےاغواء کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔

اس سے پہلے بھی باجوڑ ایجنسی میں امن کیمٹی کے ایک درجن سے زیادہ رضاکاروں کو اسی طرح ہلاک کیا جا چکا ہے، جس کی وجہ سے امن کیمٹی میں شامل اکثر قبائلی رہنماء علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

امن کمیٹی کے رضاکاروں پر حملوں کے زیادہ تر واقعات کی ذمہ داری مقامی طالبان نے قبول کی ہے۔ مگر اس تازہ ترین واقعہ کی کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

یاد رہے کہ تحریک طالبان پاکستان نے وزیرستان سے لے کر باجوڑ تک امن کمیٹی کے تمام رضا کاروں کو دھمکی دی تھی کہ اگر انہوں نے حکومت کا ساتھ نہیں چھوڑا تو ان کو ایک ایک کر کے ہلاک کر دیں گے۔