امریکیوں کی درخواست ضمانت، کارروائی سولہ کو

- مصنف, عبادالحق
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا سے گرفتار ہونے والے پانچ امریکی شہریوں کی رہائی کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے جس پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے کارروائی سولہ فروری تک ملتوی کردی۔
یہ درخواست ڈیفننس آف ہیومین رائٹس نامی تنظیم کے خالد خواجہ نے طارق اسد ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی۔
پیر کے روز اس درخواست پر کارروائی ہونی تھی لیکن کوئی پیش رفت نہ ہوسکی اور اس درخواست پر کارروائی کے لیے سولہ فروری کی تاریخ مقرر کی گئی۔
سولہ کو ہی پانچوں امریکی شہریوں کو ان کا عدالتی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ امکان ہے کہ آئندہ سماعت پر امریکی ملزمان کے خلاف چالان بھی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
طارق اسد ا یڈووکیٹ کے مطابق درخواست ضمانت میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ زیر حراست شہریوں کو جن الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے وہ بے بنیاد ہیں اور ان شہریوں سے کوئی برآمدگی نہیں ہوئی ہے۔
وکیل کے بقول درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ پانچوں شہریوں کا جسمانی ریمانڈ ختم ہوچکا ہے اور ان سے اب مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ہے۔
ادھر عدالت کی طرف سے اجازت کے بعد خالد خواجہ اور طارق اسد ایڈووکیٹ سرگودھا جیل میں پانچوں امریکی شہریوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر خالد خواجہ کی استدعا منٌظور کرتے ہوئے انہیں ملاقات کرنے کی اجازت دی تھی۔
خیال رہے کہ امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے ان پانچوں امریکی شہریوں کو نو دسمبر کو سرگودھا میں مقامی پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ پولیس کے بقول یہ پانچوں نوجوان امریکی شہریت رکھتے ہیں لیکن ان میں سے دو کا آبائی ملک پاکستان ، ایک کا ایتھوپیا ، ایک اوریٹیریا اور ایک کا مصر ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ پانچوں امریکی شہری امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی کو مطلوب ہیں۔




















