’نصر‘ میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان فوج کے مطابق اس نے زمین سے زمین پر کم فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ایک نئے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے کے ایک بیان کے مطابق نیا میزائل ملٹی ٹیوب بیلسٹک میزائل ’نصر’ حتف نائن سیریز کا میزائل ہے۔ جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت والے نصر میزائل کی رینج ساٹھ کلو میٹر بتائی گئی ہے۔
بیان کے مطابق نصر میزائل ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل کی برق رفتاری اسے ممکنہ ابھرتے خطرات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت دیتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نصر میزائل اسٹریٹیجک پروگرام کو وسعت دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
ہمسایہ ممالک پاکستان اور بھارت اکثر اس قسم کے تجربات کرتے رہتے ہیں۔
















