حامد سعید کاظمی کی ضمانت مسترد

،تصویر کا ذریعہAFP
سپریم کورٹ نے حج انتظامات میں بدعنوانی کے مقدمے میں ملوث سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور رکن قومی اسمبلی حامد سعید کاظمی اور وزارت مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری آفتاب اسلام کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔
جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے منگل کے روز اس درخواست کی سماعت کی تو ملزمان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اس مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں نامکمل چالان عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق حامد سعید کاظمی کے وکیل کا کہنا تھا کہ اُن کے موکل کا نام بھی مقدمے میں درج نہیں ہے لیکن اس کے باوجود اُنہیں قید میں رکھا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ استغاثہ ابھی تک اُن کے موکل کوئی ٹھوس شواہد عدالت میں پیش نہیں کرسکی لہذا اُن کے موکل کی ضمانت منظور کی جائے۔
بینچ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس معاملے میں تمام متعلقہ افراد ملے ہوئے ہیں اور اتنے اہم مقدمے کی تفتیش ابھی تک مکمل نہیں کی جا رہی۔ اُنہوں نے کہا کہ ’جب حکمران ہی عوام کو لوٹنے لگیں تو پھر لوگوں کی دادرسی کون کرے گا۔‘
ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے کے آغا کا کہنا تھا کہ حج انتظامات میں ہونے والی مبینہ بدعنوانی میں صرف حامد سعید کاظمی ہی ملوث نہیں بلکہ سابق وزیر مملکت شگفتہ جمانی بھی ملوث ہیں۔ یاد رہے کہ شگفتہ جمانی کا تعلق بھی حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے اور وہ سندھ سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں ہیں۔
بینچ میں شامل جسٹس سرمد جلال عثمانی نے ایڈیشنل اٹارنی سے استفسار کیا کہ کیا مذکورہ خاتون رکن قومی اسمبلی کو شامل تفتیش کیوں نہیں کیا گیا تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں ایف آئی اے نے بھی اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی ہے۔
کے کے آغا کا کہنا تھا کہ ملزم حامد سعید کاظمی نے اس مقدمے کے ایک اور ملزم احمد فیض کو نہ صرف عازمین حج کے لیے عمارتیں کرائے پر لینے کی ذمہ درای سونپی بلکہ اس کو سرکاری پاسپورٹ بھی دلوانے کی کوشش کی۔ اُنہوں نے عدالت میں حامد سعید کاظمی اور احمد فیض کی کچھ تصاویر بھی عدالت میں پیش کیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ اس مقدمے میں گرفتار ہونے والے حامد سعید کاظمی اور آفتاب اسلام کے خلاف بدعنوانی کے کافی شواہد موجود ہیں جس کی بنا پر ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب راولپنڈی کے سپیشل جج سینٹرل نے استغاثہ کو اس مقدمے میں احمد فیض کے اخبارات میں اشتہارات دینے سے متعلق ہدایت کی ہے۔ اس مقدمے کی سماعت کے دوران حامد سعید کاظمی راؤ شکیل اور افتاب اسلام کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس مقدمے کی سماعت اٹھارہ اگست تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔






















