آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈیا: کیکی چیلنج کی ویڈیو کیوں بنائی؟ سزا کے طور پر سٹیشن کو تین دن صاف کریں
انڈیا کے مغربی شہر ممبئی کے تین افراد کیکی کیکی چیلنج کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سزا کے طور پر تین دن تک ایک ریلوے سٹیشن کو صاف کریں گے۔
انڈیا کی پولیس نے ان افراد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جس کے بعد ایک مجسٹریٹ نے ان کی ’سزا‘ کا فیصلہ کیا۔
ان کی ویڈیو کی شبیہہ یہ بتاتی ہے کہ انڈیا کی مختلف ریاستوں میں لوگ کس طرح کیکی کیکی چیلنج پر پرفارم کر رہے ہیں۔
'کیکی چیلنج' کو 'ان مائی فیلنگز چیلنج' کا نام بھی دیا جا رہا ہے جس میں کینیڈین گلوکار ڈریک کے نئے سپر ہٹ گانے 'ان مائی فیلنگز' پر چلتی گاڑی سے اتر کر سڑک پر گاڑی کے ساتھ چلتے چلتے ڈانس کرنا ہوتا ہے۔
بہت سے صارفین اس چیلنج کی ویڈیوز بنا کر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کر رہے ہیں لیکن اس دوران کئی حادثات بھی پیش آئے ہیں۔ انڈیا سمیت کئی ممالک نے اس رحجان کے حوالے سے تنبیہ بھی جاری کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
انڈیا کی ٹرین میں بنائی جانے والی اس ویڈیو کو فنچو انٹرٹینمیٹ نے یو ٹیوب پر اپ لوڈ کیا ہے اور اسے اب تک 20 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک آدمی ٹرین سے اترتا ہے اور گانے پر ڈانس کرنا شروع کردیتا ہے جبکہ اس کے دوست موبائل پر اس کی ویڈیو بناتے ہیں۔
جب یہ ٹرین چلنا شروع ہوتی ہے تو وہ آدمی اس کے ساتھ ناچتے ناچتے بھاگنا شروع کرتا ہے۔
اس ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے اس آدمی کا دوست جزوی طور پر چلتی ہوئی ٹرین کے دروازے سے لٹک کر رقص کرنے کی کوشش کرتا ہے.
انڈین ریلوے کے ایک سینئیر اہلکار انوپ شکلا نے بی بی سی کو بتایا 'ہمیں یو ٹیوب پر یہ ویڈیو ملی اور ہم نے انھیں ویرار سٹیشن کے سی سی ٹی وی پر بھی کیکی چیلنجج میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا‘۔
انڈین مجسٹریٹ نے ان تینوں افراد کو بتایا کہ انھوں نے ’کچھ غلط‘ کیا ہے۔
مجسٹریٹ کا مزید کہنا تھا ’اب آپ اگلے تین دن کے لیے عوامی بیداری پیدا کریں گے کہ یہ غلط تھا اور یہ آپ کو اور دوسروں کو خطرے میں ڈال دیتا ہے‘۔
سوشل میڈیا پر پولیس اور حکام کی جانب سے صارفین کو ایسی کسی سرگرمی کے خلاف تنبیہ کی جا رہی ہے ، وہیں کچھ صارفین نے اس چیلنج میں مزاح کا عنصر بھی تلاش کر لیا ہے۔
ننڈا ٹرٹل نامی ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جسے محفوظ ترین کیکی چیلنج کا نام دیا گیا، اس ویڈیو میں کھیتوں میں ہل کے ساتھ جتے بیلوں کے ساتھ نوجوانوں کو رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔