ایم آئی فائیو، سائنسی مشیر کی تعیناتی

برطانیہ کی داخلی سکیورٹی ایجنسی ایم آئی فائیو نے دہشتگردی کے سائنسی حملے روکنے کے لیے ایک سائنسی مشیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سائنسی مشیر کے فرائض میں دہشتگردوں کے کیمیکل، بائیولاجیکل اور تابکاری حملوں سے بچانے میں سکیورٹی فورسز کی مدد کرنا ہے۔
ایم آئی فائیو کی ویب سائٹ پر سائنسی مشیر عہدے کے لیے شرائط میں موزوں شخص کے لیے عالمی سطح کی سائنسی مہارت کے ساتھ ساتھ اپنے خیالات کو دوسروں تک پہنچانےکی بہترین صلاحیت کا حامل ہونا چاہیے۔
برطانیہ کے چیف سائنٹیفک مشیر پروفیسر جان بیڈنگٹن نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ ایم آئی فائیو کے سائنسی مشیر کا عہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کے فرائض میں فیلڈ میں موجود ایجنٹوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشورے دینا ہے۔
پروفیسر جان بیڈنگٹن نے کہا کہ ایم آئی فائیو کے مشیر کے فرائض میں ایسی جاسوسی کو روکنا ہوگا جس سے برطانیہ کے مفادات متاثر ہو سکتے ہوں۔
سکیورٹی کمپنی ’نیو رسک‘ سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر سیلی لیوزلی نے بی بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم آئی فائیو میں سائنسی مشیر کی تعیناتی اس خطرے کی نشاندہی کرتا ہے کہ دہشتگردوں کی طرف سے کیمیکل، بائیولاجیکل اور تابکاری حملوں کا خطرہ ہے۔
ڈاکٹر لیوزلی کے مطابق ایم آئی فائیو کے سائنسی مشیر دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے دوسرے ممالک سے رابطے کا اہم ذریعہ ہو گا۔



