خلائی شٹل ’اینڈِیور‘ کی روانگی میں تاخیر

اینڈِیور کی روانگی میں اس سے قبل بھی گیس کے اخراج کی وجہ سے تاخیر ہوئی تھی
،تصویر کا کیپشناینڈِیور کی روانگی میں اس سے قبل بھی گیس کے اخراج کی وجہ سے تاخیر ہوئی تھی

امریکی خلائی ادارے ناسا نے خلائی شٹل ’اِینڈیور‘ کی سطح پر ہونے والے ایک نئے سوراخ کے بعد اس کی فلوریڈا سے روانگی میں تاخیر کا فیصلہ کیا ہے۔

ناسا کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ شٹل کو بدھ کی صبح خلاء میں چھوڑا جانا تھا تاہم شٹل کے ایندھن کی بیرونی ٹینک سےہائیڈروجن کے اخراج کی وجہ سے تاخیر کی گئی ہے۔

اس سے قبل ہفتے کے روز بھی اسی طرح کے اخراج کی وجہ سے شٹل کی روانگی میں تاخیر کی گئی تھی۔

اس شٹل کو انٹرنیشنل سپیس سٹیشن پر جاپانی لیبارٹری کے کچھ حصے پہنچانے تھے۔

اس خلائی شٹل پر موجود خلاباز انٹرنیشنل سپیس سٹیشن میں مرمت کام کریں گے اور اس تاخیر کی وجہ سے یہ کام اب گیارہ جولائی تک نہیں ہو پائے گا۔مرمت کا کام کرنے کے لیے خلابازوں کو خلا میں ساڑھے چھ گھنٹے کی چہل قدمی کرنی ہوگی۔

اس مشن کے دوران خلائی سٹیشن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل سپیس سٹیشن میں تیرہ خلاءباز عارضی طور پر مقیم رہیں گے۔