سبزی خوروں میں کینسر کم ہوتا ہے

سبزیاں
،تصویر کا کیپشناس تحقیق میں حصہ لینے والے افراد کی نصف تعداد سبزی خور تھی

وسیع پیمانے پر کی جانے والی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ گوشت کھانے والوں کے مقابلے میں سبزیاں کھانے والوں کو بعض اقسام کے سرطان کے لاحق ہونے کا خدشہ کم ہوتا ہے۔

برٹش جنرل آف کینسر میں شائع ہونے والے اس مطالعے میں ساٹھ ہزار افراد شریک ہوئے۔ تحقیق کے مطابق جو لوگ صرف سبزیاں کھاتے تھے ان میں خون، مثانے اور معدے کا کینسر کم دیکھنے میں آیا۔

تاہم یہ فرق آنت کے معاملے میں نہیں پایا گیا۔ آنت کینسر اموات کے بڑے اسباب میں سے ایک ہے۔

یہ تحقیقی ٹیم برطانوی اور نیوزی لینڈ کے ماہرین پر مشتمل تھی جنہوں نے اکسٹھ ہزار سے زیادہ برطانوی مرد و خواتین کے کھانے کی عادات کا مطالعہ کیا۔ شرکاء میں گوشت کھانے والے، صرف مچھلی کھانے والے اور صرف سبزیاں کھانے والے شامل تھے۔

مجموعی نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ بالعموم عام لوگوں میں ایک سو افراد میں سے تینتیس کو زندگی میں کینسر لاحق ہونے کا خدشہ ہوتا ہے تاہم جو لوگ گوشت نہیں کھاتے ان کے لیے یہ خطرہ کم ہوکر انتیس فی صد رہ جاتا ہے۔

نتائج کا یہ فرق معدے کے سرطان میں زیادہ نمایاں تھا جہاں گوشت کھانے والوں کے مقابلے میں سبزی خوروں اور مچھلی کھانے والوں میں معدے کے کینسر کا خطرہ ایک تہائی کم تھا۔

معدہ کے سرطان کے بارے میں اس سے قبل کے مطالعوں میں ایسے ہی نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ خیال ہے کہ گوشت کے اندر ایک خاص کیمیائی مادہ ہوتا ہے جو سرطان کا سبب بنتا ہے۔

تاہم تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ’ٹِم کی‘ کا کہنا ہے کہ اس ایک مطالعے کی بنیاد پر حتمی نتائج مرتب نہیں کیے جا سکتے۔ ان کا کہنا ہے: ’سرِدست یہ شواہد اتنے قوی نہیں کہ لوگوں کو اپنے غذائی معمولات کو تبدیل کرنے کو کہا جائے، بالخصوص ان لوگوں کو جو متوازن غذا کھاتے ہیں۔‘

کینسر ریسرچ یوکے نے، جس نے اس تحقیق کے لیے رقم فراہم کی، کہا کہ نتائج دلچسپ ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ خوراک ہماری صحت پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے۔