آن لائن کتابوں کے معاہدے کی انکوائری

اطلاعات کے مطابق امریکہ میں اجارہ داری کے خلاف تحقیقات کرنے والے حکام کتابوں کے جملہ حقوق کے مسئلے پر گوگل اور کتابوں کے پبلشرز کے ساتھ 125 ملین ڈالر کے معاہدے کی تحقیقات کریں گے۔
ان معاہدوں کے مطابق جملہ حقوق رکھنے والوں کو کچھ رقم ملے گی اور گوگل کو آن لائن پر کتابوں کی فروخت اور اشتہارات کا حصہ ملے گا۔
نیویارک کی ضلعی عدالت کو لکھے گئے ایک خط میں امریکی نائب اٹارنی جنرل ولیم کیوانا نے کہا ہے کہ اس معاہدے کے متعلق مزید انکوائری ہونی چاہیئے۔
کچھ افراد کا خیال ہے کہ اس معاہدے کے بعد گوگل آن لائن پر کتابیں بیچنے کا سب سے بڑا ذریعہ بن جائے گا۔
اکتوبر 2008 میں گوگل نے کتابوں کے ناشر اور مصنفوں کی تنظیم ’آتھرز گلڈ اینڈ دی ایسوسی ایشن آف امیریکن پبلیشرز‘ کے ساتھ یہ معاہدہ کیا تھا۔
گوگل سرچ انجن نے 125 ملین ڈالر کے معاہدے میں ’بک رائٹس رجسٹری‘ بنانے پر اتفاق کیا تھا، جس کے تحت مصنف اور ناشر اس پر اپنا کام رجسٹر کروا کر اپنا حصہ لے سکتے تھے۔
گوگل وہ کام بھی انٹرنیٹ پر شائع کر سکتا ہے جن کے جملہ حقوق رکھنے والوں کا پتہ نہیں۔
اس طرح کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ معاہدہ دوسری کمپنیوں کو ڈیجٹل کتابوں کی مارکیٹ میں گھسنے سے روکے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







