دو کروڑ درخت، زمین بچاؤ منصوبہ

زمین کی فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ میں کمی کے ایک منصوبے کے تحت افریقی ملک گھانا میں دو کروڑ چالیس لاکھ درخت لگائے جا رہے ہیں۔ منصوبے کا مقصد ملک کے قدیم جنگلوں کو بحال کرنا ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں اس علاقے میں دس لاکھ درخت لگائے جائیں گے جہاں حالیہ برسوں میں بڑے پیمانے پر درخت کی کٹائی ہوئی ہے۔ خیال ہے کہ یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا منصوبہ بن جائے گا۔
گھانا میں گزشتے پچاس سالوں میں اسی فیصد قدیم جنگلات ختم ہو گئے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ ان جنگلات کی کٹائی فضا میں گرین ہاؤس گیسوں کی بیس فیصد مقدار کی ذمہ دار ہے۔
جنگلات کی بحالی کے اس منصوبے کے پیچھے برطانوی تنظیم آربورکارب کا ہاتھ ہے۔ فرم کا کہنا ہے کہ اتنی زیادہ مقدار میں درخت لگا کر اور ان کے ذریعے کاربن کو ختم کرنے سے وہ کاربن کریڈٹ فروخت کر سکے گی۔
فرم کے ڈائریکٹر مائیک پیکر کا خیال ہےکہ یہ منصوبہ بالکل صحیح وقت پر شروع کیا گیا ہے اور مکمل ہونے تک یہ نوّے لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ ہضم کر جائے گا۔
انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ایسے افراد اور کمپنیوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو کاربن کریڈن خریدیں گے جس سے اس منصوبے کی لاگت پوری ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں کو کاربن کریڈٹ کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار سے پیدا ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کا حساب برابر کر سکیں۔
واضح رہے کہ اس طرح کی سکیموں پر تنقید کی جاتی ہے کہ اس بات کا درست اندازہ ہی نہیں لگایا جا سکتا کہ ایک درخت کتنی کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتا ہے۔ تاہم پیکر کا کہنا ہے کہ جنگلات کا صحیح حساب رکھا جائے گا اور قدرتی طور پر ختم ہونے والے درختوں کی بھی گنتی ہوگی۔
ایسی سکیموں پر یہ تنقید بھی ہوئی ہے کہ مقامی لوگوں کو ان سے دور رکھا جائے گا اور ان کے پاس خوراک پیدا کرنے کے لیے جگہ کم ہو جائے گی۔ آربورکارب کا کہنا ہے کہ وہ مقامی لوگوں کو سکیم میں شامل کرے گی اور کاربن کریڈٹ میں انکا حصہ ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















