یورپی خلائی رصدگاہ کی شاندار کارکردگی

کہکشاں
،تصویر کا کیپشنتصاویر سے ستاروں کی تشکیل اور کہکشاں کے ارتقاء پر نئی روشنی پڑے گی

یورپی خلائی رصدگاہ ہرشل کائنات کا مطالعہ کرنے والے طاقت ور ترین آلات میں سے ایک ہوگی۔

اس رصدگاہ کے تین آلات سے ملنے والے اعدادو شمار سے اس کی بے پناہ صلاحیتوں کا اندازہ ہوتا ہے حالانکہ ان آلات کا سیٹ اپ ابھی مکمل بھی نہیں ہوا ہے۔

جمعہ کو یورپی خلائی ادارے کی جانب سے کہکشاں کی جاری ہونے والی تصاویر میں وہ تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی تھیں۔

ان تصاویر اور آنے والی ہزاروں تصاویر سے ستاروں کی تشکیل اور کہکشاں کے ارتقاء پر نئی روشنی پڑے گی۔

ہرشل پراجیکٹ کے سائنس داں ڈاکٹر گوران پلبراٹ کا کہنا تھا کہ’ یہ تصاویر کسی پیمانے سے نہیں لی گئیں لیکن پھر بھی قابلِ دید ہیں اور انتہائی شاندار تصاویر ہیں‘۔

ہرشل میں نصب بڑے شیشوں کے سبب چھوٹی چھوٹی چیزیں بھی بہت واضح طور پر نظر آرہی ہیں ان چیزوں میں ہرشل کو ستارے نہیں بلکہ گیس کے وہ گھنے بادل نظر آئے جو ستاروں کو جنم دیتے ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ان تصاویر میں کہکشاں کی وہ زندگی نظر آرہی ہے جو پہلے کبھی نظر نہیں آئی تھی۔