فائر فوکس: ایک بلین بار ڈاؤن لوڈ

فائر فوکس نے سنہ دو ہزار چار میں لانچ ہونے کے بعد سے جمعہ کے روز ایک بلین مرتبہ ڈاؤن لوڈ ہونے کا ہدف پورا کر لیا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق فائر فوکس کے پاس براؤزر کی مارکیٹ کا اکتیس فیصد حصہ ہے۔ تاہم مائیکروسافٹ کا انٹرنیٹ ایکسپلورر ابھی بھی مارکیٹ میں ساٹھ فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ گوگل کروم، ایپل سفاری اور اوپرا کا براؤزر مارکیٹ میں پانچ فیصد سے کم ہے۔
فائر فوکس براؤزر دو ہزار چار میں تیار کیا گیا تھا اور اس نے اپنی جگہ بہت جلد بنا لی۔ اور پچھلے سال فائر فوکس نے چوبیس گھنٹوں میں سب سے زیادہ بار ڈاؤن لوڈ ہونے والے سافٹ ویئر کا گینس ریکارڈ قائم کیا تھا۔
ایک بلین بار سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ ہونے میں سنہ دو ہزار چار سے اب تک جاری کیے گئے تمام ورژن شامل ہیں۔ تاہم اس تعداد میں آٹومیٹک اپ ڈیٹ شامل نہیں ہیں۔ اس وقت فائر فوکس کے چوتھے ورژن پر کام جاری ہے اور پچھلے ہفتے اس کی جو جھلک دکھائی گئی تھی اس کی صورت گوگل کروم سے مشابہت رکھتی ہے۔

















