سونی کی نئی تھری ڈائمنشنل ٹیکنالوجی

تھری ڈائمنشنل ٹیکنالوجی
،تصویر کا کیپشنتھری ڈامنشنل تصویر دیکھنے کے لیے خصوصی پولارائزڈ عینک پہننے کی ضرورت ہوگی

سونی نے اپنے نئے کیمرے کی نمائش کی ہے جوکہ صرف ایک لینز کے ذریعے تھری ڈائمنشنل تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

فی الوقت تھری ڈائمنشنل تصاویر لینے والے کیمرے ایک سے زائد لینزوں کے ذریعے ایسی تصاویر لے سکتے ہیں جبکہ نئی ٹیکنالوجی نے سنگل لینز کیمرے کے ذریعے ہی اسے ممکن بنا دیا ہے۔

سونی کے مطابق نئے کیمرے میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ ایک سنگل امیج کو کئی شیشوں کے ذریعے تقسیم کردیتا ہے جس سے تھری ڈائمنشل تصویر کا خاکہ بن جاتا ہے۔

یہ نیا کیمرہ اگلے ہفتے ٹوکیو میں ایک الیکٹرونکس شو میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

سونی کے مطابق تھری ڈائمنشنل تصویر دیکھنے کے لیے خصوصی پولارائزڈ عینک پہننے کی ضرورت ہوگی تاہم عینک کے بغیر ایک عام ٹو ڈائمنشنل تصویر دکھائی دے گی۔

فی الوقت جو ٹیکنالوجی استعمال ہوتی ہے اس میں خصوصی عینک سے تو تھری ڈائمنشنل تصویر دکھائی دیتی ہے البتہ بغیر عینک کے ایک دھندلی اور غیر واضح تصویر نظر آتی ہے۔

سونی کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نئی ٹیکنالوجی کھیل کے ایونٹس کے لیے خاص طور پر بہت کارآمد رہے گی۔ سونی کا کہنا ہے کہ تھری ڈائمنشنل ٹی وی پر کام ہورہا ہے تاہم اس میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔

ادارے کے ماہرین ایسی اور بھی بہت سی نئی ٹیکنالوجی والی مصنوعات پر کام کررہے ہیں۔