یورپ:ماحول کیلیے خرچے پر آمادہ

یورپی کمیشن کے سربراہ ہوزے مینویل باروسو
،تصویر کا کیپشنیورپی یونین کے معاہدے سے ڈینمارک کی عالمی کانفرنس میں بڑی کامیابی کی امید پیدا ہو گئی ہے

یورپی یونین مشروط طور پر ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے دوسرے ممالک کی مدد پر آمادہ ہو گئی ہے۔ اس معاہدے میں امداد کی رقم طے نہیں کی گئی۔

یورپی یونین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے سن دو ہزار بیس تک ایک سو ارب یورو سالانہ درکار ہوں گے۔ یورپی یونین نے کہا کہ وہ دوسرے ممالک کی پیشکش کو دیکھتے ہوئے اپنی طرف سے مناسب رقم ادا کرے گی۔

یورپی ممالک کے اتحاد کے نو غریب ارکان کو اس معاہدے پر اعتراض تھا کہ امیر ممالک کو دوسروں سے زیادہ رقم ادا کرنی چاہیے۔

ان اعتراضات کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر رکن ممالک رضاکارانہ طور پر اپنا حصہ ڈالیں گے اور کسی بھی ملک کے لیے ٹارگٹ مخصوص نہیں کیا گیا۔

ماحول کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اس معاہدے کو ناکافی قرار دیا ہے۔ یورپی کمشن کے سربراہ ہوزے مینویل باروسو نے کہا کہ معاہدہ اہم پیشرفت تھی۔