آئی پیڈ کی فروخت شروع

آئی پیڈ کا ایک نئی دریافت قرار دیا جا رہا ہے کمپیوٹر بنانے والی بین الاقوامی کمپنی ایپل نے ’ٹیبلیٹ پی سی‘ کی جسے آئی پیڈ کا نام دیا گیا ہے، امریکہ میں فروخت شروع کر دی ہے۔

اپیل کمپنی نے انگلی کے لمس سے چلنے والے آئی پیڈ کمپیوٹر کو ایک انوکھی دریافت قرار دیا ہے اور اس میں کمپیٹور اور آئی فون کی نمایاں چیزوں کو اکھٹا کر دیا ہے۔

تاہم نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ایپل کمپنی کو اس مہنگے آلہ کو خریدنے کے لیے قائل کرنے کے لیے کافی محنت کرنا ہو گی کیونکہ لوگوں کے پاس پہلے ہی آئی فون جیسے جدید آلے اور کمپیوٹر موجود ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس کی قیمت پانچ سو امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے جو کہ کافی زیادہ ہے اور اس میں ایک اہم چیز کیمرہ موجود نہیں ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ ایپل پہلے سال میں اسی لاکھ سے ایک کروڑ کے درمیان آئی پیڈ بیچنے میں کامیاب ہو سکے گی۔

<link type="page"><caption> آئی پیڈ کی تقریبِ رونمائی:تصاویر میں</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/science/2010/01/100128_pics_ipad_zs.shtml" platform="highweb"/></link>

یہ آلہ ایک بڑے آئی فون کی طرح دکھائی دیتا ہے اور اس پر فلمیں دیکھی جا سکتی ہیں اور اس پر کمپیوٹر گیمز بھی کھیلی جا سکتی ہیں۔

ایپل کمپنی نے کتابوں کی اشاعت کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں، پینگوئن، میکملن اور ہارپر کولنز سے پہلے ہی معاہدے کر لیے ہیں جس کے بعد آئی پیڈ پر ان اشاعتی اداروں کی کتابوں کو ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے گا۔