گوریلوں کے ہاں خوشخبری

ماہرین کا کہنا کہ افریقہ کے پہاڑی گوریلوں کی آبادی میں گزشتہ تیس برسوں میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔ افریقہ کے تین قومی پارکوں پر مشتمل علاقے ورنگا مسف میں معلوم ہوا ہے چار سو اسی گوریلے چھتیس گروہوں میں رہ رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تیس برس قبل یہاں گوریلوں کی تعداد دو سو پچاس تھی۔ پاڑی گوریلوں کی دنیا بھر میں کل تعداد سات سو اسی ہے۔ یہ گوریلے وسطی افریقہ کے ممالک کونگو، روانڈہ اور یوگینڈا کے جنگلوں میں پائے جاتے ہیں۔
گوریلوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ماہرین کے مطابق گوریلوں کی آبادی میں اضافے کا سہرا ان تینوں ممالک کے سر جاتا ہے جنہوں نے ان کو اور ان کے رہنے کی جگہوں کو بچانے کے لیے مل کر کوششیں کی ہیں۔
جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں افریقی جنگلی حیات فاؤنڈیشن اور گوریلوں کے تحفظ کی بین الاقوامی تنظیم نے کہا ہے کہ آبادی میں اضافے کے بعد بھی ابھی گوریلوں کی نسل کی بقا خطرے میں ہے۔
ان تنظیموں نے کہا کہ ان کے اہلکاروں نے پہاڑی گوریلوں کے جنگلوں میں صرف چند دنوں میں شکاریوں کے دو سو پھندے ناکارہ بنائے ہیں۔














