صارفین کی نقل و حرکت پر نظر نہیں: ایپل

،تصویر کا ذریعہPA
امریکی کمپنی ’ایپل‘ نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ آئی فونز اور تھری جی آئی پیڈز صارفین کی نقل و حرکت کو خفیہ طور پر ریکارڈ اور محفوظ کرتے ہیں۔
اپنی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے کبھی بھی اپنے صارفین کی نقل و حرکت پر نظر نہیں رکھی اور وہ نہ ایسا کرنے کا کوئی ارادہ رکھتی ہے۔
محققین نے گزشتہ ہفتے دعوٰی کیا تھا کہ ایپل کے آئی فونز اور تھری جی آئی پیڈز اپنے مالک کی نقل و حرکت کو خفیہ طور پر ریکارڈ اور محفوظ کرتے ہیں۔
سکیورٹی کے ماہر ایلن اور پیٹ وورڈن کے مطابق نقل و حرکت کی یہ ریکارڈنگ آئی فونز اور آئی پیڈز میں خفیہ رہتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی کے پاس صحیح سافٹ ویئر ہے تو وہ یہ معلوم کر سکتا ہے کہ صارف کب کہاں گیا تھا۔
سکیورٹی ماہرین کا یہ انکشاف آئی فون صارفین کے لیے ایک بڑا دھچکا سمجھا گیا تھا کیونکہ فون استعمال کرتے وقت ان کو یہ قطعی علم نہیں ہوتا کہ ان کی معلومات ریکارڈ کی جارہی ہیں۔
تاہم آئی فون میں نقل و حرکت کی ریکارڈنگ کے حوالے استعمال کرنے والوں کو صاف گوئی سے نہیں بتایا گیا لیکن اس کا ذکر استعمال کرنے کی شرائط میں کیا گیا ہے۔
’ہم ممکنہ طور پر نوکری، زبان، زپ کوڈ، ایریا کوڈ، محلِ وقوع اور ٹائم زون جہاں پر ایپل کی مصنوعات استعمال کی جا رہی ہیں جیسی معلومات اکٹھی کریں گے تاکہ ہم بہتر طور پر صارف کو سمجھ سکیں اور اپنی مصنوعات، سروس اور اشتہارات کو بہتر بنا سکیں۔‘
دوسری جانب ایپل کمپنی کو آئی فونز کی فروخت میں توقعات سے بھی زیادہ منافع ہوا ہے۔ رواں سال کے پہلی تین ماہ میں آئی فونز کی فروخت میں پچھلے سال کے پہلے تین ماہ کے مقابلے میں 113 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















