آئی پی ایل مقابلے یو ٹیوب پر

گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ مقابلوں کے تمام کرکٹ میچ یو ٹیوب پر لائیو دکھائے گا۔
گوگل اور آئی پی ایل کے مابین ہونے والے معاہدے کے تحت صرف گوگل کو ہی دو برس تک ان مقابلوں کے آن لائن نشریاتی حقوق حاصل ہوں گے۔
اس معاہدے کے مطابق ان میچوں کے آن لائن نشر ہونے کے دوران سپانسر شپ اور اشتہاری آمدنی گوگل اور آئی پی ایل میں تقسیم ہوگی۔.
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے وہ کسی کرکٹ ٹورنامنٹ کی لائیو سٹریمنگ کرے گا۔
گوگل انڈیا کے سینیئر مینیجر شیلیس راؤ کا کہنا ہے کہ ’ہم آئی پی ایل سے اس عالمی شراکت پر بہت خوش ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس اور انٹرٹینمنٹ کمپنیوں کے لیے اپنے پروگراموں کو دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے یو ٹیوب ایک اوپن پلیٹ فارم ہے‘۔
آئی پی ایل کے چیئرمین للت مودی کے مطابق ’آئی پی ایل کی جانب سے گوگل انڈیا سے شراکت کا فیصلہ ان مقابلوں کو عالمی شائقین تک پہنچائے گا‘۔
آئی پی ایل کا تیسرا سیزن بارہ مارچ سے شروع ہوگا۔


















