آئی پی ایل کے لیے سخت سکیورٹی

انڈین پریمیئر لیگ کرکٹ میچوں کا آغاز بارہ مارچ سے نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل سٹیڈیم میں پولیس کے زبردست پہرے میں شروع ہو گا۔

نوی ممبئی کے پولیس کمشنر گلاب راؤ پول کے مطابق سٹیڈیم اور اس کے اطراف پولیس تحفظ کی تین تہیں ہوں گی۔ ممبئی پولیس کے دو ہزار پولیس اہلکاروں کے علاوہ خود آئی پی ایل منتظمین اور ڈی وائی پاٹل سٹیڈیم کی اپنی سکیورٹی ہو گی۔

سٹیڈیم میں کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت کے لیے مہاراشٹر کی فورس ون کےکمانڈوز بھی تعنیات کیے جا رہے ہیں۔

پولیس محکمہ کے ایک اعلیٰ پولیس افسر کے مطابق آئی پی ایل میں ہندستانی کھلاڑیوں کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں اور ان کی حفاظت کے مدنظر تحفظ کے انتظامات جاری ہیں۔

میچ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل سٹیڈیم میں ہو گا لیکن کھلاڑیوں کا قیام باندرہ کرلا کمپلیکس اور نریمان پوائنٹ کے ٹرائیڈینٹ ہوٹل میں ہو گا اس لیے وہاں سے انہیں سٹیڈیم لے جانے کے دوران بھی سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کیے گئے ہیں۔

شلپہ شیٹي
،تصویر کا کیپشنشلپا شیٹّی راجستھان رائلز کی مالک ہیں

آئی پی ایل کا یہ تیسرا سیزن ہے۔ دوسرے سیزن کا میچ انڈیا میں نہیں کھیلا جا سکا تھا۔ گیارہ مارچ کو ممبئی کے ریس کورس پر آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب ہو گی جس میں غیر ملکی پرفارمرز ایل رچی، علی کیمپبل، بیجان اگین کے بعد بالی وڈ اداکارہ دیپکا پادوکون کا رقص ہو گا۔

آئی پی ایل ممبئی کے علاوہ ملک کے تقریباً پانچ سو سے زائد سینما گھروں اور ملٹی پلیکس میں دکھایا جا رہا ہے۔ جنوبی ممبئی کے سنگل سکرین تھیٹر نیو ایکسلسیئر کے جنرل مینجر ہنس مکھ کے مطابق ابھی گزشتہ روز سے ہی بکنگ شروع ہوئی ہے اس لیے بکنگ ہاؤس فل نہیں ہے۔

ان کے مطابق ان کے تھیٹر نے آئی پی ایل میچ دکھانے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ ان میچوں کے درمیان لوگ فلمیں دیکھنے نہیں آتے ہیں۔ لیکن اس کے برعکس راکسی ملٹی پلیکس نے میچ دکھانےکا ارادہ منسوخ کر دیا کیونکہ ان کے حساب سے بکنگ نہ ہونے کے برابر تھی۔

شہر کے ملٹی پلیکس کے علاوہ ہوٹل ریستوراں اینڈ بار میں بھی آئی پی ایل میچ دیکھا جا سکے گا۔

آئی پی ایل کے ساٹھ میچ ہوں گے جس میں دو سیمی فائنل شامل ہیں۔ یہ میچ ممبئی کے علاوہ نئی دہلی، کلکتہ ، چینئی اور بنگلور میں کھیلے جائیں گے۔ کرکٹ میں بالی وڈ کی شمولیت کی وجہ سے ملک میں آئی پی ایل زیادہ توجہ کا مرکز بنا ہے۔ کلکتہ نائٹ رائڈرز ٹیم کے مالک بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور جوہی چاؤلہ ہیں۔ کنگس الیون پریتی زنٹا اور راجستھان رائلز شلپا شیٹی کی ہے۔