آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
برطانوی شہزادے ہیری اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ ناروا رویے پر ناراض
برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے تصدیق کی ہے کہ امریکی اداکارہ میگن مارکل ان کی گرل فرینڈ ہیں۔
یہ بیان انھوں نے میڈیا کی جانب سے بقول ان کے میگن سے ناروا رویے اور انھیں ’ہراساں' کرنے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جوڑے کا چند ماہ تک تعلق رہا لیکن اس اداکارہ کے ساتھ ایسا سلوک روا رکھا جانا جائز نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری کہانیوں پر بہت کم ردِ عمل ظاہر کرتے ہیں۔ لیکن گذشتہ ہفتے 'حدیں پار کر دی گئیں۔'
حالیہ دنوں میں کئی اخباروں میں اداکارہ کے بارے میں کہانیاں صفحۂ اول پر شائع کی گئیں ہیں۔
شہزادہ ہیری کے رابطہ سیکرٹری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'شہزادے کی گرل فرینڈ میگن مارکل کے بارے میں نامناسب زبان استعمال کی گئی اور انھیں ہراساں کیا گیا۔
بیان کے مطابق ' کئی چیزیں عوام کے سامنے ہیں جن میں قومی اخبار کے صفحۂ اول پر چپھنے والے توہین آمیز الفاظ، نسلی تفریق کرتے ہوئے بیانات، سوشل میڈیا ٹرولز اور انٹر نیٹ پر لوگوں کے کمنٹس شامل ہیں۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
'لیکن کئی چیزیں لوگوں کی آنکھ سے اوجھل ہیں جن میں بدنام کرنے والی کہانیوں کو چھپنے سے روکنے کے لیے کی جانے والی قانونی جنگیں، ان کی والدہ کی فوٹوگرافروں سے بچنے کی کوششیں، صحافیوں اور فوٹوگرافروں کی زبردستی ان کی گھر میں گھسنے کی کوششیں اور پولیس سے مدد طلب کرنے کی کالز، اخبارات کی میگن کے سابق بوائے فرینڈ کو رشوت کی پیشکش ، لگ بھگ سبھی دوستوں، ساتھ کام کرنے والوں اور عزیز و اقارب سے سوالات شامل ہیں۔'
بتیس سالہ شہزادے کے ایک طویل عرصے سے اخبارات کے ساتھ تعلقات خراب ہی رہے ہیں کیونکہ وہ اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی زندگی پر میڈیا کے اثرات سے واقف ہیں۔
وہ محض بیس برس کے تھے جب لندن کے ایک نائٹ کلب کے باہر ان کی ایک فوٹو گرافر سے لڑائی ہوئی۔ اس کے بعد سنہ دو ہزار بارہ میں لا اینجلس کے ہومل مںی ان کی برہنہ تصاویر سامنے آئیں۔
لیکن ان کی فلاحی کاموں میں دلچسپیوں اور فوجی ملازمت کے حوالے سے مثبت خبریں بھی کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری میگن مارکل کی سلامتی کے حوالے پریشان ہیں اور 'وہ بہت مایوس ہیں کہ وہ ان کا تحفظ نہیں کر پائے۔'
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 'یہ جائز نہیں ہے کہ ان کے ساتھ محض چند ماہ کے تعلق کی وجہ سے میگن کے خلاف ایسے الزامات کا طوفان اٹھا دیا جائے۔'
بیان کے مطابق 'شہزادے کو علم ہے کہ تبصرہ نگار کہیں گے کہ 'انھیں یہ قیمت تو ادا کرنی ہوگی' یا پھر یہ کہ 'یہی تو اس کھیل کا حصہ ہیں۔' لیکن شہزادہ ہیری اس بات سے سختی سے انکار کرتے ہیں اور ان کے بقول یہ کھیل نہیں ہے بلکہ یہ ان کی اور میگن کی زندگی ہے۔'