آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
دیوالی: انڈیا میں ’روشنیوں کا تہوار‘ کیسے منایا جا رہا ہے؟
انڈیا میں آج دیوالی کا تہوار منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ملک میں شاندار چراغاں کیا گیا ہے۔
دیوالی ہندو مذہب کا ایک اہم تہوار ہے اور اسے ’روشنیوں کے تہوار‘ کے طور پر جانا جاتا ہے کیونکہ لوگ اس تہوار کے موقع پر دیے اور موم بتیاں روشن کرتے ہیں جو کہ روشنی کے اندھیرے پر اور اچھائی کے برائی پر غالب آنے کی علامت ہے۔
اور یہ علامت بطور خاص کورونا وائرس کے دوران بہت معنی رکھتی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق انڈیا میں کورونا وبا کے باعث اب تک ساڑھے چار لاکھ افراد ہلاک جبکہ ساڑھے تین کروڑ سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔
تہوار کی اصل تاریخوں میں ہر سال تبدیلی ہوتی ہے اور دن کا چناؤ چاند کی پوزیشن کو دیکھ کر کیا جاتا ہے لیکن عموماً یہ اکتوبر اور نومبر کے دوران ہوتا ہے۔ اس برس دیوالی جمعرات یعنی آج منائی جا رہی ہے۔
گذشتہ برس کورونا وائرس کے عروج کی وجہ سے دیوالی سے منسلک بہت سی رسومات روایت کے مطابق پوری نہیں کی جا سکی تھیں اور بیشتر افراد نے مندروں میں جانے کی بجائے آن لائن سٹریمنگ کے ذریعے پوجا پاٹ میں شرکت کی تھی۔
دلی کے بازاروں میں شدید رش دکھائی دے رہا ہے اور حکام نے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے وبا کے پھیلاؤ میں خطرناک حد تک اصافہ ہو چکا ہے اور یہ صورتحال انڈیا کے صحت کے نظام پر پھر ایک بوجھ بن سکتی ہے۔
رواں برس اپریل اور مئی کے دوران انڈیا کے ہسپتالوں میں کورونا متاثرین کی بڑی تعداد آئی اور ملک کو آکسیجن کی انتہائی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فی الحال صحت عامہ کا بحران پہلے کی نسبت بڑی حد تک کم ہو گیا ہے مگر اب بھی ملک میں روزانہ تقریباً دس سے 12 ہزار کیسز ریکارڈ ہو رہے ہیں۔
لیکن ماہرین نے بار بار خبردار کیا ہے کہ ملک میں انفیکشن کی تیسری لہر ناگزیر ہے۔
لیکن کورونا ایک واحد مسئلہ نہیں ہے۔ تہواروں کے دوران آتش بازی سے بھی ہر سال ہوا میں آلودگی بڑھ جاتی ہے۔
خاص طور پر دلی میں بہت بری صورتحال ہے جہاں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور وہاں سموگ نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ نومبر اور دسمبر میں پنجاب اور ہریانہ کی ہمسایہ ریاستوں میں فصلوں کی باقیات جلانے سے بھی ہوتا ہے۔
اگرچہ ماضی میں اس طرح کی پابندیوں پر تنقید کی جاتی تھی لیکن اس بار دیوالی سے پہلے بہت سی ریاستوں میں آتش بازی کرنے پر مکمل یا جزوی پابندی لگانے کا حکم دیا گیا تھا۔