شاہی پریڈ پر حملہ کرنے والا ہلاک

جمعرات کو نیدرلینڈز میں شاہی خاندان کی پریڈ پر حملہ کرنے والا شخص ہسپتال میں انتقال کر گیا ہے۔
اڑتیس سالہ ڈچ شہری کارسٹ ٹیسٹس نے جمعرات کو اپنی گاڑی پریڈ کے شرکاء پر چڑھا دی تھی۔ اس واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے اورگاڑی چلانے والا یہ شخص خود شدید زحمی ہوگیا تھا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ تفتیش کے دوران کارسٹ ٹیٹس نے کہا کہ حملے کا نشانہ شاہی خاندان تھا۔ ڈچ شاہی خاندان اس پریڈ میں اوپر سے کھلی بس پر سوار تھا۔ بس اس حملے میں بہت ہی کم فاصلے سے بچ گئی۔
حملے کے نتیجے میں تین بچے سمیت گیارہ افراد زخمی ہوئے جو ہسپتال میں ہیں۔
یہ پریڈ ’کیوینز ڈے‘ یعنی ملکہ کے دن کی عام تعطیل پر ایمسٹرڈیم کے مشرق میں واقع ایپلڈورن کے مقام پر ہو رہی تھی۔ اس موقع پر میلے کا سماں تھا اور، موسم سازگار تھا اور لوگوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر موجود تھی اور بیشتر قومی رنگ یعنی نارنجی میں ملبوس تھے۔

ملزم کی موت کے باوجود اس حملے کی پولیس تفتیش جاری رہے گی تاکہ یہ پتہ چلایا جا سکے کہ ملزم نے یہ حملہ کیوں کرنا چاہا تھا۔ کارسٹ ٹیٹس نیدرلینڈز کے مشرقی قصبے ہیئوسین کے رہائشی تھے۔ ان کے محلے کے لوگوں نے ریڈیو نیدرلینڈز سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ چند ماہ پہلے تک بطور سکیورٹی گاڑڈ کام کرتے تھے لیکن پھر ان کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ ان کے پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ وہ اکیلے رہتے تھے اور خاموش طباع شخص تھے۔
کارسٹ ٹیٹس کے ذہنی مریض یا مجرم ہونے کا کوئی ریکارڈ نہیں تھا۔
پریڈ میں موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ گاڑی بڑی تیز رفتاری سے اچانک ایک حفاظتی باڑ کو توڑتے ہوئے آئی اور ہجوم پر چڑھائی کرتے ہوئے شاہی بس کے نزیک سے گزر کر پھر ایک عوامی یادگار سے ٹکرا گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















