امریکی اخبار مالی مشکلات کا شکار

امریکہ میں ایک بہت ہی پرانے اور بڑے اخبار ’بوسٹن گلوب‘ کے ملازمین نےاخراجات میں کمی کرنے کے متعلق ایک حالیہ منصوبے کو مسترد کردیا ہے۔ اخراجات میں کمی کے نئے منصوبے کی تجویز کمپنی کے مینیجرز نے پیش کی تھی۔
اخبار ’بوسٹن گلوب‘ کو گزشتہ برس پچاس لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا تھا اور امکان ہے کہ رواں سال میں اسے پچاسی لاکھ ڈالر کا خسارہ ہو سکتا ہے۔ اسی کمی کو پورا کرنے کے لیے کمپنی اخراجات میں کمی چاہتی ہے۔
’دی بوسٹن نیوز پیپرگلڈ یونین‘ نے ووٹنگ کے ذریعے تنخواہوں اور دیگر اخراجات میں ایک کروڑ ڈالر کی کمی کرنے کے منصوبے کو مسترد کردیا ہے۔ اخراجات میں کٹوتی کی اس تجویز کو سرپرست کمپنی ’دی نیویارک ٹائمز‘ نے پیش کیا تھا۔
اب ٹائمز کا کہنا ہے کہ اسے اخبار چلانے کے لیے یونین کے اراکین کی تنخواہوں میں تیئس فیصد کی کمی کرنا پڑےگا۔ فریقین کا کہنا ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے بات چیت کرتے رہیں گے۔
مجموعی طور پر’نیو یارک ٹائمز‘ کمپنی دوکروڑ ڈالر کی بچت چاہتا ہے۔ اخبار کی کئی چھوٹی چھوٹی یونینز نے ایک کروڑ ڈالر کی بچت پر پہلے ہی رضامندی ظاہر کی تھی۔ لیکن اس کے نصف حصّے کی بچت کا انحصار بڑی یونین کی رضا مندی پر ہے۔
نئے منصوبے کی مخالفت میں یونین کے دو سو ستتر ارکین نے ووٹ ڈالے جبکہ دو سو پینسٹھ ارکان نے حمایت کی اور اس طرح منصوبہ مسترد ہوگيا۔
اخبار کے مینیجرز کے ترجمان رابرٹ پاورز نے اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’جیسا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ایک کروڑ ڈالر کی بچت مستقبل میں اخبار کی مالی حالت بہتر کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔‘
انہوں نے کہا اب اس کے علاوہ کوئی صورت نہیں بچتی کہ گلڈ کے ممبران کی تنخواہوں میں تیئس فیصد کی کٹوتی کی جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکہ میں بکری کی کمی پھر بڑھتی قیمتیں اور اشتہارات سے کم آمدنی کے سبب اخبار ’بوسٹن گلوب‘ بھی بری طرح متاثرہ ہوا ہے۔ روایتی اخبارات کو ویب سائٹس سے بھی سخت مقابلہ ہے جو نیوز مفت میں مہیا کرتی ہیں۔
امریکہ میں پرنٹ میڈیا میں گزشتہ دو برسوں میں تقریبا ساڑھے بارہ ہزار افراد لوگ بے روزگار ہوئے ہیں۔





















