عراق: کار بم حملہ، چھ افراد ہلاک

 کار بم حملہ
،تصویر کا کیپشنخودکش حملے کا بظاہر ہدف ایک پولیس چوکی تھی

پولیس حکام کے مطابق عراق کے شہر رمادی میں ایک خودکش کار بم حملے میں کم سے کم چھ افراد ہلاک جبکہ سترہ زخمی ہوگئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق خودکش حملے کا بظاہر ہدف ایک پولیس چوکی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دو ٹریفک پولیس کے دو سپاہی بھی شامل تھے۔

رمادی میں تخریب کاری کا یہ واقعہ عراق میں شہروں اور قصبوں سے امریکی فوج کے چلے جانےکے دو ہفتے بعد پیش آیا ہے۔

بغداد سے مغرب میں واقع صوبہ انبار کا شہر رمادی سنی مزاحمت کاروں کا مرکز رہا ہے۔ لیکن گزشتہ دو سالوں میں مقامی قبائل یہاں شدت پسندوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ان کے امریکی فوجیوں کی حمایت کے اعلان کے بعد یہاں تشدد کے واقعات میں واضح کمی ہوئی ہے۔