عراقی اور امریکی فوجیوں میں کشیدگی

عراق میں امریکی فوج اور مقامی سکیورٹی افواج کے درمیان شہری علاقوں میں امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت پر پابندیوں کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی فوج کے کمانڈروں نے نئے اصولوں پر حیرت اور پریشانی کا اظہار کیا ہے کہ اور کہا ہے کہ ان سے امریکی فوج کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
گزشتہ ماہ جب امریکی فوج عراقی شہروں سے نکل کر اپنے اڈوں میں واپس چلی گئی تھی اس وقت سے ایسا ہو رہا ہے کہ امریکی فوجیوں کے کھلے عام شہری علاقوں میں آنے پر کچھ پابندیاں ہیں۔ معاہدے کے مطابق امریکی فوج طلب کیے بغیر شہری علاقوں میں نہیں جا سکتی تا وقتیکہ اسے اپنی حفاظت کا مسئلہ در پیش نہ ہو۔
عراق کی وزراتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اسے نے امریکی فوج کو شہری علاقوں میں آنے کے لیے نہیں کہا لیکن کچھ امریکی فوجی شہری علاقوں میں نظر آ رہے ہیں۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق بغداد ڈویژن کے ایک امریکی کمانڈر نے ایک ای میل میں کہا ہے کہ ان کے تحت فوجی شہری علاقوں میں بھی خطرات کے پیشِ نظر برسرِ پیکار رہیں گے خواہ عراقیوں کی حمایت حاصل ہو یا نہ ہو۔
اطلاعات کے مطابق امریکی فوج کا یہ خیال نہیں تھا کہ نئے اصولوں پر اتنی سختی سے عمل کیا جائے گا اور یہ کہ کچھ ٹیموں کو گشت کی اجازت ہوگی۔
لیکن عراقی حکومت مُصر نظر آتی ہے کہ وہ امریکی حمایت کے بغیر بھی اب سکیورٹی فراہم کرنے کے قابل ہے۔

















