افغانستان میں برطانوی شنوک تباہ

اس مہینے افغانستان میں برطانیہ کے دو شنوک تباہ ہو چکے ہیں
،تصویر کا کیپشناس مہینے افغانستان میں برطانیہ کے دو شنوک تباہ ہو چکے ہیں

افغانستان میں برطانوی افواج نے دانستہ طور پر اپنے ہی ایک شنوک ہیلی کاپٹر کو تباہ کر دیا ہے۔ برطانوی وزارت دفاع کے مطابق اس ہیلی کاپٹر کو ہلمند صوبے میں سنگین کے قریب فوجی کارروائی کے دوران اترتے وقت کافی نقصان پہنچا تھا۔

یہ نقصان ہارڈ لینڈنگ یا کافی شدت کے ساتھ زمین پر اترنے کی وجہ سے ہوا تھا۔ ہیلی کاپٹر پر سوار پندرہ فوجی اور عملے کے چار ارکان محفوظ ہیں۔

ہیلی کاپٹر کو نقصان کے باوجود فوج کے جوانوں نے اپنا آپریشن جاری رکھا جبکہ عملے کو اسی آپریشن میں استعمال کیے جانے والے ایک دیگر ہیلی کاپٹر سے واپس پہنچایا گیا۔

وزارت دفاع کے مطابق چونکہ ہیلی کاپٹر کو نقصان پہنچا تھا، اور وہاں لڑائی جاری تھی، لہذا اسے بحفاظت واپس لانا ممکن نہیں تھا۔

اس کے بعد فوجی ماہرین نے اپنے ہی بارود سے اسے اڑا دیا۔ ہارڈ لینڈگ کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش جاری ہے لیکن وزارت کے مطابق ایسا لگتا نہیں کہ ہیلی کاپٹر دشمن کی فائرنگ کی زد میں آیا تھا۔

اسی مہینے ایک اور شنوک بھی اسی انداز میں تباہ کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کے انجن میں آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے اسے ہنگامی طور پر اترنا پڑا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں برطانوی افواج کو جتنے فوجی ہیلی کاپٹر درکار ہیں، اتنے فراہم نہیں کیے گئے ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر فوجیوں کو خطرناک زمینی راستوں کے بجائے ہیلی کاپٹروں سے آنے جانے کی سہولت دستیاب ہو تو فوج کا جانی نقصان کم کیاجاستکا ہے۔