بنگلہ دیش: اخبارات کی معافی

چاند پر قدم
،تصویر کا کیپشناخبار مناب زمین نے اس مضمون کا بنگالی زبان میں ترجمہ کیا اور انیئن نیوز نیٹ ورک سے منسوب کیا

بنگلہ دیش کے دو اخبارات نے ایک مزاحیہ امریکی ویب سائٹ کے چاند پر انسان کے اترنے کو جعلی کہنے والے مضمون کو چھاپنے پر معافی مانگی ہے۔

بنگلہ دیش کے اخبار مناب زمین نے لکھا تھا کہ امریکی خلا باز نیل آرمسٹرانگ نے پریس کانفرنس کو یہ کہہ کر حیران کردیا کہ اب ان کو معلوم ہوا ہے کہ سارا قصہ ایک فرضی قصہ تھا۔ نہ تو اخبار مناب زمین اور نہ ہی نیو نیشن اخبار کو جس نے بعد میں یہی خبر اٹھائی اس بات کا علم ہوا کہ یہ امریکی ویب سائٹ مزاحیہ ہے۔

تاہم دونوں اخبارات نے اپنے قارئین سے معافی مانگی ہے۔

اس مضمون میں لکھا تھا کہ آرمسٹرانگ نے پریس کانفرنس کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ یو ٹیوب پر چند ویڈیو اور سازشی تجزیوں کے خالق افراد کے بلاگ پڑھ کر میں اپنے تاریخی سفر پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور ہو گیا ہوں۔ اس مضمون کے مطابق آرمسٹرانگ کا کہنا تھا کہ ان کو اندازہ ہوا ہے کہ وہ تاریخی سفر ایک جھوٹ تھا۔

مضمون میں مزید کہا گیا ہے کہ آرم سٹرانگ نے کہا ہے کہ چاند پر پہلے قدم کی تمام فلمبندی ایک سیٹ پر کی گئی تھی جو کہ شاید نیو میکسیکو میں تھا۔ ’میرے خیال میں وہ واقع انسان کے لیے ایک چھوٹا قدم تھا اور انسانیت کے لیے بہت ہی بڑا جھوٹ۔‘

یہ مضمون امریکی ویب سائٹ انیئن پر سوموار اور بدھ کے روز چھپا تھا۔ اخبار مناب زمین نے اس مضمون کا بنگالی زبان میں ترجمہ کیا اور اس مضمون کو انیئن نیوز نیٹ ورک، لبنان کے ساتھ منسوب کیا۔ جمعرات کو نیو نیشن اخبار نے یہی مضمون شائع کیا۔

اخبار مناب زمین نے اپنے قارئین سے معذرت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’اس مضمون نے بہت توجہ حاصل کی اور ہمیں اندازہ ہو گیا ہے کہ مزاحیہ ویب سائٹ تاریخی واقعات پر بھی جھوٹی خبریں شائع کرتی ہیں۔ اور ہم یہ مضمون شائع کرنے پر معافی مانگتے ہیں‘۔