خالد شیخ محمد کی نئی تصاویر

خالد شیخ
،تصویر کا کیپشنخالد شیخ محمد چھ سال پہلے اور حال ہی میں داڑھی کے ساتھ ان کی لی گئی ایک تصویر

القاعدہ کے مبینہ طور پر ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کی گوانتاناموبے میں قید کے دوران لی گئی نئی تصاویر پہلی مرتبہ انٹرنیٹ پر آئی ہیں۔

ان تصاویر میں خالد شیخ نے لمبی داڑھی رکھی ہوئی ہے اور وہ سفید کپڑوں میں ملبوس ہیں۔ یہ تصاویر کیوبا میں امریکہ کے حراستی مرکز گوانتاناموبے میں ریڈ کراس نے جولائی کو اتاری تھیں۔

فروری میں امریکہ نے ریڈ کراس کو زیرِ حراست قیدیوں کی تصاویر اتارنے کی اجازت دی تھی تاکہ وہ ان کے رشتہ داروں کو یہ تصاویر بھیج سکیں۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ خالد شیخ نے امریکہ پر ہونے والے گیارہ ستمبر کے حملوں کی منصوبہ بندی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

خالد شیخ کو سنہ 2003 میں پاکستان کے شہر راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا تھا اور گرفتاری کے دوران لی گئی ان کی تصویر بہت مشہور ہوئی تھی جس میں وہ بکھرے بالوں کے ساتھ بنیان پہنے کھڑے تھے۔ اس کے بعد صرف ان کے امریکی عدالت سے خاکے ہی دیکھنے میں آئے۔

انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر اس نے خالد شیخ محمد کے خاندان والوں کو بھیجی تھیں اور یہ عام لوگوں کے لیے نہیں تھیں۔

’کمبیٹنگ ٹیررزم سینٹر آف دی ویسٹ پوائنٹ یو ایس ملٹری اکیڈمی‘ کے سابقہ ریسرچ ڈائریکٹر جیرٹ بریکمین کہتے ہیں کہ 9/11 کی آٹھویں برسی کے موقع پر ان تصاویر کے منظرِ عام پر آنے سے شدت پسند عناصر کا حوصلہ بڑھ سکتا ہے۔

خالد شیخ محمد کا مقدمہ اس وقت رکا ہوا ہے کیونکہ امریکی صدر براک اوباما کے گوانتاناموبے کے حراستی مرکز کو بند کرنے کے فیصلے کے بعد ابھی یہ طے کرنا باقی ہے کہ وہاں موجود کچھ قیدیوں کے خلاف فوجی مقدمات کو کس طرح جاری رکھا جائے۔