موسمی تبدیلی سے ساحلی شہر خطرے میں

آسٹریلیا کے کئی علاقوں میں سطح سمندر اس قدر بڑھ رہی ہے کہ ممکن ہے کہ ان علاقوں کو بالکل خالی کرانا پڑ جائے اور یہاں قائم آبادیاں ختم ہو جائیں۔
سمندری تبدیلیوں سے متعلق ادارے ’دا نیشنل سی فرنٹ چینج ٹاسک فورس‘ کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے ساحلی علاقوں کو سمندر کی بڑھتی ہوئی سطح کے باعث سیلاب سے بچانے کے لیے فوری اقدامات درپیش ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سمندر کی سطح میں اسّی سینٹی میٹر تک کا اضافہ ممکن ہے۔
پارلیمان کے لیے تیار کی گئی رپورٹ میں مشورہ دیا گیا ہے کہ حکومت کو اب ایسے قوانین بنانے چاہیئیں جس سے ساحلی علاقوں میں مزید آبادی پر پابندی لگ سکے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کی اسّی فیصد آبادی ساحلی علاقوں میں رہتی ہے۔
آسٹریلیا کے اہم شہر سب ساحلی علاقوں میں ہی ہیں۔ رپورٹ کی سفارشات میں علاقے خالی کروانا تو شامل نہیں ہے تاہم ان علاقوں کو مزید بڑھنے پر پابندیوں کی تجویز دی گئی ہے۔
اس رپورٹ کو تیار کرنے میں ڈیڑھ سال کا عرصہ لگا ہے۔ ٹاسک فورس کے ڈائریکٹر ایلن سٹوکس کا کہنا ہے کہ حکومت کو ساحلی علاقوں میں آباد کاری روکنے کے لیے اقدامات جلد کرنے ہونگے ورنہ کسی سونامی نما طوفان سے تباہی کا خطرہ بڑھے گا۔
آسٹریلیا میں ایوان نمائنداگان میں موسمی تبدیلی سے متعلق کمیٹی کا کہنا ہے یہ ایک انتہائی اہم قومی مسئلہ ہے اور اس سے متعلق اقدامات فوری طور پر کیے جانے چاہیئیں۔

















