’نیٹو حملے میں افغان اہلکار ہلاک‘

افغانستان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جمعہ کو نیٹو کے ایک فضائی حملے میں آٹھ افغان اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ صوبہ بغدیس میں پیش آیا ہے۔ تاہم نیٹو کی جانب سے کسی فضائی حملے کا ذکر نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو اور افغان حکام اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار افغان فوجی، تین پولیس اہلکار اور ایک مترجم شامل ہیں۔
افغان وزارت دفاع کے ترجمان جنرل محمد ظاہر عظیمی نے کہا جس وقت مذکورہ حملہ ہوا اس وقت فوجی اڈے کی رہائشی حصے میں فوج کے کمانڈو یونٹ، ضلعی پولیس کے ارکان اور کئی غیر ملکی فوجی موجود تھے۔
اس سے قبل نیٹو نے کہا تھا کہ ان کے اور افغان یونٹوں کے پچیس اہلکار جمعہ کو ان دو امریکی فوجیوں کی تلاش کے دوران زخمی ہو گئےجو ملک کے شمال مغربی حصے میں لاپتہ ہیں۔
















