افغانستان کی صورتحال پرامریکی رپورٹ

حامد کرازئی
،تصویر کا کیپشنحامد کرزائی جلد ہی امریکی دورہ میں امریکی صدر بارک اوبامہ سے ملاقات کرنے والے ہیں

امریکی محکمہ دفاع نے افغانستان کی صورت حال کے متعلق جو تازہ رپورٹ پیش کی ہے اس کے مطابق امریکہ کی نظر میں افغانستان کے جو کلیدی علاقے ہیں اس میں صرف پچیس فیصد لوگ ہی حامد کرزئی کی حکومت کے حامی ہیں۔

پنٹاگون کی نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے بیشتر لوگ حکومت کے حوالے یا تو غیر جانبدار ہیں یا پھر طالبان کے حامی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اداروں میں بد عنوانی اور موثر کارکردگی نہ ہونے کے سبب لوگ حکام پر یقین نہیں کرتے۔

پنٹاگون کی اس رپورٹ کے مطابق اگرچہ صورتحال یہ ہے لیکن پھر بھی افغانی باشندے یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے ہاں سکیورٹی کی صورت حال کچھ بہتر ہورہی ہے۔

ایک سو باون صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب افغان صدر حامد کرزئی واشنگٹن کے دورے پر امریکہ جانے والے ہیں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ ’اگرچہ افغانستان نے بدعنوانی کے خلاف مہم میں کچھ ترقی حاصل کی ہے لیکن حقیقی تبدیلی نہیں آئی ہے اور اس کے لیے سیاسی قوت ارادی بھی مشکوک نظر آتی ہے۔‘

اس رپورٹ کے مطابق افغانستان میں حکمت عملی کے اعتبار سے ایک سو اکیس اہم اضلاع میں سے صرف انتیس میں صدر حامد کرزئی کی حکومت کو مقامی حمایت یا ہمدردی حاصل ہے۔

گزشتہ برس حامد کرزئی نے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن انتخابات پر ہر طرف سے نکتہ چینی ہوئی تھی۔

اس رپورٹ کے مطابق طالبان پر بھی زبردست دباؤ ہے۔ ’شدت پسندی کے نقطہ نظر سے پاکستان کی طرف سے اہم رہنماؤں کی گرفتاری اور پھر کئی اہم کمانڈروں کو افغانستان سے ہٹانے سے ان پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔`

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ افغان صدر حامد کرازئی جو کسی وقت مغربی طاقتوں کے چہیتے تھے، بدعنوانی پر قابو پانے میں ناکامی پر ہر طرف سے نکتہ چینی کا نشانہ بننے ہیں اور اس سے ان کی ساکھ کو دھچکا لگا ہے۔

پینٹاگون کی اس رپورٹ کے مطابق حامد کرزئی کی حکومت کو بدعنوان اور غیر موثر مانا جاتا ہے اسی لیے دو ہزار نو میں طالبان اپنی کارروائیوں زیادہ کامیاب رہے ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ فروری دوہزار نو اور مارچ دو ہزار دس کے درمیان دوسرے برسوں کے مقابلے ستاسی فیصد تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق افغانستان میں حکومتی عملداری کی بحالی سکیورٹی اور ترقیاتی کاموں کے لیے انتہائی ضروری ہے۔