سائبیریا: کان میں دھماکہ،گیارہ ہلاک
روس میں مغربی سائبیریا کی کوئلے کی ایک کان میں میتھین گیس کے دھماکے سے گیارہ کانکن ہلاک اور اکتالیس زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت کان میں تین سو کان کن موجود تھے جن میں سے بیشتر کو نکال لیا گیا لیکن امدادی کارروائیوں کے دوران ایک اور دھماکہ ہوا جس کے باعث بیس امدادی کارکنوں سمیت اسی افراد کان میں پھنس گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کان میں پہلے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک اور اکتالیس زخمی ہو گئے ہیں۔
دوسرے دھماکے کے نتیجے میں کان کو ہوا فراہم کرنے کا راستہ بند ہو گیا جس کی وجہ سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں اور اس وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کان میں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالنے کے لیے مغربی سائبیریا کے گورنر براہ راست امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
گورنر کا کہنا ہے کہ کان کے اندر امدادی کارروائیوں کا آغاز اس وقت شروع کیا جائے گا جب کان کے اندر کے حالات مناسب ہو جائیں گے اور اگر ابھی کان کے اندر امدادی کارکنوں کو بھیجا جاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ لوگوں کو موت کے منہ میں بھیجا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ روس میں بہت ساری کانوں میں حفاظتی انتظامات ناقص ہیں اور اس حوالے سے متعدد بار مطالبہ کیا گیا ہے کہ حفاظتی معیار کو بہتر بنایا جائے۔


















